اسلام آباد:مرکزی سیکرٹری اطلاعات پاکستان مسلم لیگ (ق) اور فوکل پرسن وزارتِ سمندر پار پاکستانیز غلام مصطفیٰ ملک نے دسمبر 2025 میں ترسیلاتِ زر میں نمایاں اضافے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے 3.6 ارب ڈالر کی ترسیلاتِ زر بھجوانا حکومتی پالیسیوں پر بھرپور اعتماد کا مظہر ہے۔
غلام مصطفیٰ ملک نے کہا کہ وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز چوہدری سالک حسین کی متحرک، عملی اور عوام دوست قیادت کے باعث اوورسیز پاکستانیوں کو درپیش مسائل کے حل میں واضح بہتری آئی ہے، جس کے مثبت اثرات ترسیلاتِ زر میں اضافے کی صورت میں سامنے آ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزارتِ اوورسیز پاکستانیز میں ادارہ جاتی اصلاحات اور سہولیات کی فراہمی نے سمندر پار پاکستانیوں کا اعتماد مزید مستحکم کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اوورسیز پاکستانی ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور ان کی محنت سے بھیجی جانے والی ترسیلاتِ زر معاشی استحکام میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہیں۔ حکومت سمندر پار پاکستانیوں کے حقوق کے تحفظ، فلاح و بہبود اور سہولتوں میں اضافے کے لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔
غلام مصطفیٰ ملک نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کی قیادت میں وزارتِ سمندر پار پاکستانیز آئندہ بھی اوورسیز پاکستانیوں کے اعتماد پر پورا اترتے ہوئے مزید مؤثر اقدامات کرے گی۔