پاکستان کویت کے ساتھ لیبر ایم او یو پر دستخط کے لیے تیار، چوہدری سالک حسین

کویت

دبئی :وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانی اور انسانی وسائل کی ترقی چوہدری سالک حسین نے ابوظہبی ڈائیلاگ 2026 کے موقع پر دبئی میں عوامی اتھارٹی برائے افرادی قوت (پی اے ایم) کے ڈائریکٹر جنرل رباب عبداللہ العثیمی سے ملاقات کی۔

ملاقات میں پاکستان اور ریاست کویت کے درمیان لیبر کے شعبے میں تعاون کو مزید مستحکم کرنے کی راہیں تلاش کی گئیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کویت کے ساتھ اپنے دیرینہ اور مضبوط تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور مجوزہ لیبر میمورنڈم آف انڈرسٹینڈنگ (ایم او یو) پر دستخط کرنے کے لیے تیار ہے جسے کویت کے ولی عہد کے پاکستان کے آئندہ دورہ کے دوران حتمی شکل دی جا سکتی ہے۔ فریقین نے حالیہ اعلیٰ سطحی تبادلوں کے مثبت نتائج کا بھی جائزہ لیا جبکہ کویتی حکام کے تعمیری ردعمل کو نوٹ کیا اور مزدور تعاون کو بڑھانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔ وفاقی وزیر نے بھرتی کے عمل کو آسان بنانے کے لیے پاکستانی ورکرز اور اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز کیلئے پی اے ایم پورٹل تک رسائی کی درخواست کی۔
انہوں نے پاکستانی افرادی قوت کی شراکت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ پاکستانی ورکرز نے کویت کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے اور کویت کی مستقبل کی ضروریات بالخصوص انفراسٹرکچر اور دیگر اہم شعبوں میں درکار مہارتوں اور صلاحیتوں کے حامل ہیں۔ فریقین نے مزدور تعاون کو آگے بڑھانے اور باقاعدہ باہمی مشاورت اور مصروفیات کو ادارہ جاتی شکل دینے پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے کویتی فریق کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔

کویت
Comments (0)
Add Comment