کشمیر پاکستان کی شہ رگ تھا، ہے اور رہے گا، کشمیری تنہا نہیں: مسز فرخ خان کا یومِ یکحہتی کشمیر پر پیغام

 

اسلام آباد: :پاکستان مسلم لیگ خواتین ونگ کی مرکزی صدر و رکن قومی اسمبلی مسز فرخ خان نے کہا ہے کہ کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی ایک جائز اور اصولی جدوجہد ہے جسے کوئی طاقت دبانے میں کامیاب نہیں ہو سکتی۔

یومِ یکحہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں فرخ خان نے کہا کہ 5 اگست 2019 کے بھارتی غیر قانونی اقدامات نے مسئلہ کشمیر کو مزید سنگین بنا دیا ہے، تاہم بھارتی مظالم کشمیری عوام کے حوصلے پست نہیں کر سکے۔ انہوں نے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت اور ظلم کا نوٹس لے۔

فرخ خان نے کہا کہ کشمیری عوام کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی اُمنگوں کے مطابق حقِ خودارادیت دینا ناگزیر ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ تھا، ہے اور رہے گا اور پاکستانی قوم کشمیریوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گی۔
فرخ خان نے کشمیری شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ یومِ یکجہتی کشمیر ہمیں کشمیری عوام کے ساتھ اپنی غیر متزلزل وابستگی کی یاد دہانی کراتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے کشمیری بہن بھائیوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت ہر فورم پر جاری رکھے گا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ بہت جلد مقبوضہ کشمیر کے عوام بھارتی ظلم و جبر اور تسلط سے آزادی حاصل کریں گے۔

Comments (0)
Add Comment