(اپنا وطن ) اسلام آباد
پاکستان مسلم لیگ (ق) کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات و ترجمان اور وزارتِ اوورسیز پاکستانیز کے فوکل پرسن غلام مصطفیٰ ملک نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کے مؤثر اقدامات کے باعث سعودی عرب، عمان، کویت سمیت یورپی ممالک میں پاکستانی ہنرمندوں کی مانگ میں واضح اضافہ ہو رہا ہے، اور جلد پاکستانی افرادی قوت کو عالمی سطح پر باعزت روزگار کے مزید مواقع میسر آئیں گے۔
اپنے بیان میں غلام مصطفیٰ ملک نے کہا کہ گزشتہ ہفتے وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے ریاض میں گلوبل لیبر مارکیٹ کانفرنس (GLMC)، ابوظہبی ڈائیلاگ 2026 اور دبئی ورلڈ گورنمنٹ سمٹ کے موقع پر عالمی سطح پر اہم ملاقاتیں کیں، جن میں لیبر تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق وفاقی وزیر کی سعودی عرب، عمان اور فلپائن کے حکام سے ملاقاتوں میں لیبر معاہدوں، اسکل پارٹنرشپس، شفاف بھرتی اور ڈیجیٹل لیبر سسٹمز پر تبادلہ خیال ہوا۔ جبکہ بنگلہ دیش کے مشیر برائے اوورسیز ایمپلائمنٹ ڈاکٹر آصف نذرول سے ملاقات میں تربیت، انسانی وسائل کی ترقی اور مشترکہ چیلنجز زیر بحث آئے۔
غلام مصطفیٰ ملک نے بتایا کہ فلپائن کے سیکرٹری برائے مائیگرنٹ ورکرز سے ملاقات میں پری ڈیپارچر ٹریننگ، ڈیجیٹلائزیشن اور کارکنوں کے تحفظ کے ماڈلز پر گفتگو ہوئی، جبکہ کویت کی ڈائریکٹر جنرل پبلک اتھارٹی فار مین پاور سے ملاقات میں مجوزہ لیبر مفاہمتی یادداشت، پاکستانی ورکرز کے لیے سہولتوں اور PAM پورٹل تک رسائی پر بات چیت کی گئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان بزنس کونسل شارجہ کے وفد سے ملاقات میں اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل، روزگار کے مواقع اور حکومت و بزنس کمیونٹی کے درمیان تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ وفاقی وزیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان عالمی شراکت داروں کے ساتھ مل کر منظم، محفوظ اور باعزت روزگار کے فروغ کے لیے تعاون جاری رکھے گا۔
غلام مصطفیٰ ملک نے کہا کہ چوہدری سالک حسین نے بطور وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز انقلابی اقدامات کیے ہیں، اور پاکستان مسلم لیگ (ق) جلد وزارت کی دو سالہ کارکردگی پر مبنی حقائق نامہ شائع کرے گی، جس میں وزارت اور اس کے ماتحت اداروں کی کارکردگی عوام کے سامنے پیش کی جائے گی۔