لاہور(پی این پی)سی ٹی ڈی نے پنجاب کے مختلف شہروں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کرتے ہوئے خودکش بمبار سمیت 16 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔تر
جمان سی ٹی ڈی کے مطابق صوبے بھر میں مجموعی طور پر 113 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز (IBOs) کیے گئے، جن کے دوران خوشاب، میانوالی، راولپنڈی، جھنگ، بھکر، لاہور، فیصل آباد، چکوال، ٹوبہ ٹیک سنگھ، حافظ آباد اور گوجرانوالہ میں کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔ ترجمان کے مطابق جھنگ سے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والا خطرناک خودکش بمبار غازی مرجان خودکش جیکٹ اور دھماکہ خیز مواد سمیت گرفتار کیا گیاجبکہ سرگودھا سے حساس اداروں پر حملے میں ملوث دہشت گرد ملے خان کو بھی حراست میں لیا گیا۔سی ٹی ڈی حکام کے مطابق گرفتار دہشت گرد پولیس چوکیوں پر حملوں کی منصوبہ بندی مکمل کر چکے تھے، جنہیں بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنایا گیا۔کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد، خودکش جیکٹس، 14 ڈیٹونیٹرز، 25 فٹ حفاظتی فیوز وائر، ممنوعہ اسٹیکرز، کالعدم لٹریچر اور نقدی بھی برآمد کی گئی۔
گرفتار دہشت گردوں کی شناخت غازی مرجان، معین خان، اصیل دین، ناصر شاہ، نصیب خان، ابرار، یوسف، مالے خان اور اسام سمیت دیگر ناموں سے ہوئی ہے۔ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق رواں ہفتے کے دوران 2830 کومبنگ آپریشنز بھی کیے گئے، جن میں 95 ہزار 755 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی جبکہ 190 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے صوبے بھر میں کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔
PNP