گرمی کے بعدبارشوں کی پیشگوئی، مختلف اضلاع میں الرٹ جاری

لاہور(پی این پی)لاہور سمیت پنجاب بھر میں گرمی کی شدت میں بتدریج اضافہ ہونے لگا تاہم آج (جمعرات ) 16سے 18اپریل تک پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارش کا امکان ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، جہلم، چکوال، تلہ گنگ، گجرانوالہ میں بارش کا امکان ہے۔ حافظ آباد، وزیر آباد، سرگودھا، میانوالی، شیخوپورہ، گجرات، خوشاب اور منڈی بہاوالدین میں بارشوں کی پیشگوئی ہے۔اس کے ساتھ لاہور، سیالکوٹ، نارووال، فیصل آباد، جھنگ، چنیوٹ، بھکر، لیہ، راجن پور، نورپور تھل اور ڈیرہ غازی خان اور گردونواح میں بارش کا امکان ہے۔ پی ڈی ایم اے حکام کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات کے پیش نظر صوبے بھر کے کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے، آسمانی بجلی سے بچائو کے لئے محفوظ مقامات پر رہیں، آسمانی بجلی کی گرج چمک کے دوران کھلے مقامات تلے ہرگز نہ جائیں،کسان اپنی تمام تر پیشگی اقدامات موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کریں۔سیاح شمالی علاقہ جات کے سفر میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ ایمرجنسی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129پر رابطہ کریں۔

PNP