6 سالوں کے دوران انڈراانوئسنگ کے ذریعے اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کا انکشاف

اسلام آباد(پی این پی)ملک میں اربوں روپے کی اوور انوائسنگ کے ذریعے منی لانڈرنگ اور مالی بے ضابطگیوں کے انکشاف پر وزیراعظم شہبازشریف نے ذمہ داروں کا تعین کرکے ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کردی ہے۔

تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر)کی کارکردگی کا جائزہ لینے سمیت ایف بی آر امور بارے وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونیوالے اہم اجلاس میں اوور انوائسنگ کے حوالے سے بنائی گئی کمیٹی کی رپورٹ پیش کی گئی ۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ذمہ داروں کے خلاف فوری قانونی کارروائی تیز کرنے کا حکم دے دیا ۔اجلاس میں وزیراعظم نے کہا کہ 2017سے 2022کے دوران اوور انوائسنگ کا مکروہ دھندا جاری رہا اورمتعلقہ ادارے اپنے فرائض سے مسلسل غافل رہے۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ اس دھندے میں ملوث تمام افراد کے خلاف قانونی کارروائی تیز تر کی جائے اور غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کر کے ان کے خلاف محکمانہ کارروائی بھی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ ٹیکس کا پیسہ قوم کی امانت ہے اور اس کا ایک ایک پائی کا حساب دینا ریاستی ذمہ داری ہے۔

وزیراعظم نے مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے جامع حکمت عملی بنانے اور فنانشل مانیٹرنگ یونٹ کو مزید فعال کرنے اور اس میں ایف آئی اے اور انٹیلیجنس بیورو کے نمائندے شامل کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ایف بی آر نے سنٹرلائزڈ پرائس ویریفکیشن پورٹل بنا لیا ہے جو جون کے آخر تک بینکوں کے ساتھ منسلک ہو جائے گا۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ اکتوبر 2022میں پوسٹ کلیئرنگ آڈٹ ونگ نے اس اوور انوائسنگ کی نشاندہی کی تھی جس کے بعد اب تک تیرہ ایف آئی آرز درج ہو چکی ہیں اور قانونی کارروائی جاری ہے۔

PNP