اسلام آباد (پی این پی): وفاقی دارالحکومت میں جائیداد خریدنے کے خواہشمند افراد کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں مختلف سیکٹرز میں پراپرٹی کے سرکاری نرخوں میں نمایاں کمی کر دی گئی ہے۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ٹیکس مقاصد کے لیے اسلام آباد کی جائیداد کی نئی ویلیوایشن جاری کرتے ہوئے قیمتوں میں زیادہ سے زیادہ 33 فیصد تک کمی کر دی ہے۔ یہ نظرثانی تاجروں کے مطالبات کے بعد کی گئی اور اس حوالے سے تیسری بار نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔نئے اعلامیے کے مطابق مختلف سیکٹرز میں پلاٹس کی قیمتوں میں کمی کی گئی ہے۔ سیکٹر بی-17 میں قبضہ شدہ پلاٹ کی قیمت 30 ہزار سے گھٹا کر 21 ہزار روپے فی مربع گز مقرر کی گئی، جبکہ بغیر قبضہ پلاٹ کا ریٹ 15 ہزار سے کم ہو کر 10 ہزار 500 روپے رہ گیا۔اسی طرح سیکٹر سی-14 میں ویلیوایشن 30 ہزار سے کم ہو کر 21 ہزار روپے فی مربع گز، سی-15 میں 25 ہزار سے گھٹ کر 17 ہزار 500 روپے اور سی-16 میں 20 ہزار سے کم ہو کر 14 ہزار روپے فی مربع گز کر دی گئی ہے۔
مزید برآں، ڈی-12 میں قیمت 1 لاکھ 30 ہزار سے کم کر کے 91 ہزار روپے جبکہ ڈی-13 میں 16 ہزار سے گھٹا کر 11 ہزار 500 روپے فی مربع گز مقرر کی گئی ہے۔
سیکٹر ای-12 میں ویلیوایشن 56 ہزار سے کم ہو کر 39 ہزار 200 روپے ہو گئی، جبکہ ایف-15 میں بغیر قبضہ فارم ہاؤس کے نرخ 20 ہزار سے کم کر کے 12 ہزار 500 روپے کر دیے گئے۔
اسی طرح جی-13 میں پلاٹ کی قیمت ایک لاکھ سے گھٹ کر 70 ہزار روپے، جی-14 میں 45 ہزار سے کم ہو کر 31 ہزار 500 روپے، جی-15 میں 25 ہزار سے کم ہو کر 17 ہزار 500 روپے اور جی-16 میں 15 ہزار سے کم ہو کر 10 ہزار 500 روپے فی مربع گز کر دی گئی ہے۔
دیگر سیکٹرز میں بھی کمی کی گئی، جی-17 میں ویلیوایشن 25 ہزار سے کم ہو کر 17 ہزار 500 روپے جبکہ آئی-11 میں 40 ہزار سے کم ہو کر 28 ہزار روپے فی مربع گز مقرر کی گئی۔ آئی-14 میں یہ شرح 40 ہزار سے کم ہو کر 28 ہزار 500 روپے ہو گئی۔
تاہم کچھ پوش علاقوں میں قیمتیں برقرار رکھی گئی ہیں، جن میں ای-7 میں فی مربع گز 2 لاکھ 25 ہزار روپے جبکہ ایف-6 اور ایف-7 میں 2 لاکھ 10 ہزار روپے کی سطح برقرار ہے۔
ایف بی آر کے اس اقدام کو پراپرٹی مارکیٹ میں سرگرمی بڑھانے اور ٹیکس نظام کو متوازن بنانے کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔
PNP