تعلیمی اداروں میں جمعہ کی چھٹی، طلبا کے لئے اہم خبر

اسلام آباد(نیوز ڈ یسک)پنجاب کے نجی تعلیمی اداروں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ جمعہ کے دن دی جانے والی ہفتہ وار تعطیل کو ختم کیا جائے،

کیونکہ ان کے مطابق آن لائن تدریس مطلوبہ تعلیمی نتائج دینے میں ناکام رہی ہے۔اس حوالے سے صوبے بھر کے نجی اسکولوں کے نمائندگان کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں تعلیمی معیار اور انتظامی رکاوٹوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کی صدارت قاضی نعیم انجم نے کی، جبکہ اس میں سید فیصل گیلانی، سلیم اعوان، حسن منہاس سمیت دیگر ماہرینِ تعلیم نے شرکت کی۔شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ معیاری تعلیم کے لیے طلبہ کی کلاس روم میں باقاعدہ حاضری ناگزیر ہے، اور سالانہ تعلیمی شیڈول میں کم از کم 210 تدریسی دن ہونے چاہئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آن لائن کلاسز اس معیار کو پورا نہیں کر پا رہیں۔اجلاس میں نصابی کتب کی اشاعت میں تاخیر پر بھی تشویش ظاہر کی گئی، جس کے باعث طلبہ کا قیمتی وقت ضائع ہوا۔

مطالبہ کیا گیا کہ آئندہ تعلیمی سال کے لیے کتابوں کی بروقت فراہمی یقینی بنائی جائے۔مزید برآں، نجی اسکولوں کی جانب سے لاہور بورڈ سے الحاق کے عمل کو جلد مکمل کرنے کی درخواست بھی کی گئی۔ ماہرین کے مطابق غیر ضروری تعطیلات اور انتظامی مسائل کے باعث نصاب بروقت مکمل نہیں ہو پاتا، جس کے اثرات طلبہ کی کارکردگی پر پڑتے ہیں، اس لیے تعلیمی سیشن کو مؤثر بنانے کے لیے ہفتہ وار چھٹیوں میں کمی ضروری ہے۔

PNP