ایف بی آر نے ملک کے متعدد بڑے شہروں میں غیر منقولہ جائیدادوں کی ویلیوایشن میں نمایاں کمی کردی

اسلام آباد(پی این پی)ایف بی آرنے فیصل آباد، سیالکوٹ، ملتان سمیت ملک کے مختلف بڑے شہروں میں غیر منقولہ جائیدادوں کی ویلیوایشن میں نمایاں کمی کردی ہے،

اس حوالے سے فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے باضابطہ طور پر نوٹیفکیشن جاری کر دیئے جن کے مطابق فیصل آباد، سیالکوٹ، ملتان، بہاولپور اور گوجرانوالہ میں جائیدادوں کی قیمتوں کا تعین 10سے 30فیصد تک کم کر دیا گیا ہے جس کا اطلاق 22اپریل 2026 سے ہوگیاہے۔ایف بی آر نے پانچ علیحدہ نوٹیفکیشنز جاری کیے ہیں جن میں ان شہروں کی جائیدادوں کی نئی ویلیوایشن مقرر کی گئی ہے۔ ایف بی آر کی جانب سے جاری کردہ ایس آر اوز کے مطابق ملتان کیلئے S.R.O 650(I)/2026، فیصل آباد کیلئے S.R.O 651(I)/2026، بہاولپور کیلئے S.R.O 652(I)/2026، گوجرانوالہ کیلئے S.R.O 653(I)/2026 جبکہ سیالکوٹ کیلئے S.R.O 662(I)/2026جاری کیا گیا ہے۔قبل ازیں اسلام آباد میں بھی ایس آر او 644(I)/2026کے تحت غیر منقولہ جائیدادوں کی مارکیٹ ویلیو ازسرنو مقرر کی جا چکی ہے۔ نوٹیفکیشنز کے اجرا کے بعد اب ان شہروں کی مجموعی تعداد چھ ہو گئی ہے جہاں ایف بی آر نے جائیدادوں کی ویلیوایشن میں کمی کی ہے جسے رئیل اسٹیٹ مارکیٹ کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

PNP