شادی والے گھر میں تار سے کرنٹ لگنے کا المناک واقعہ، 3 بچے جاں بحق

اسلام آباد (نیوزڈ یسک)حیدرآباد کے علاقے آفندی ٹاؤن میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں بجلی کے ننگے تار سے کرنٹ لگنے کے باعث تین کمسن بچے جان کی بازی ہار گئے۔

پولیس کے مطابق یہ حادثہ اس وقت رونما ہوا جب بچے رات کے وقت گھر کی چھت پر سو رہے تھے۔ اسی دوران چھت کے اوپر سے گزرنے والی بجلی کی ایک ٹوٹی ہوئی تار سے ایک بچے کو اچانک کرنٹ لگا۔ اسے بچانے کی کوشش میں دیگر دو بچے بھی اسی خطرناک تار کی زد میں آگئے اور تینوں موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق بچوں کی شناخت 14 سالہ عبداللہ، 12 سالہ نوید اور 10 سالہ فیضان کے طور پر ہوئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ بچے شہداد پور کے رہائشی تھے اور حیدرآباد میں ایک شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے آئے ہوئے تھے۔واقعے کے بعد علاقے میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے، جبکہ خوشیوں بھرا گھر اچانک سوگ میں تبدیل ہوگیا۔

اہل خانہ اور مقامی افراد نے بجلی کے کھلے اور خطرناک تاروں کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔

PNP