میانوالی سے دریافت ہونے والا سونا چوری اور پولیس افسران کی کرپشن کا انکشاف

لاہور( پی این پی)پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں میانوالی میں سونا چوری کا معاملہ زیر بحث آنے پر وزیر معدنیات علی شیر گورچارنی نے کہا ہے کہ مریم نواز شریف کے دور حکومت میں سونا چوری ثابت ہوجائے تو مستعفی ہوجائوں گا ،

وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر نے 15 جون سے قبل ہر ضلع میں الیکٹرک بسیں چلانے کا اعلان کردیا، سپیکر پنجاب اسمبلی نے ٹریفک پولیس کو محکمہ ٹرانسپورٹ کے ساتھ منسلک کرنے کی تجویزدیدی ۔پنجاب اسمبلی کا اجلاس گزشتہ روز مقررہ وقت کی بجائے تقریباً تین گھنٹے کی غیر معمولی تاخیر سے سپیکر ملک محمد احمد خان کی صدارت میں شروع ہوا۔اجلاس میں گوجرخان سے تعلق رکھنے والے نائب صوبیدار عاصم کیانی کی شہادت ،نواز بھروانہ کے بھائی اور رکن اسمبلی حمیدہ وحید الدین کی والدہ کے انتقال پر ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ اجلاس میں حکومتی رکن آغا علی حیدر نے واپڈا کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ میرے حلقہ کی نہر میں واپڈا والوں کی نااہلی کے باعث کر ٹ لگنے سے 16بھینسیںمر گئی ہیں اگر خدانخواستہ کوئی انسان نہر میں نہا رہا ہوتا تو وہ بھی مر جاتا،جانوروں کے مرنے سے بے حسی کا اندازہ اس بات سے لگائیں کہ صرف لائن سپرنٹنڈنٹ کو معطل کیا گیا،جن لوگوں کی بھینسیں مری ہیں ان کی کوئی مالی مدد نہیں کی گئی۔سپیکر نے کہاکہ کسی کے 16 جانور مرجانا افسوسناک ہے،اس پر سخت ایکشن لیں گے۔ وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر نے گنے اور توڑی کے لوڈ ٹرکوں کو سڑک پر آنے سے روکنے کیلئے قانون نہ ہونے کا انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اگرچہ بڑی گاڑیوں کو شہروں میں داخلہ سے روکا ہے لیکن موٹر وہیکل قانون میں گنے اور توڑی کے بڑے ٹرکوں کو روکنے کا کوئی قانون موجود نہیں ،ہم گنے اور توڑی کے ٹرکوں کو روکنے کیلئے نیا موٹر وہیکل ایکٹ لا رہے ہیں۔

اس موقع پر سپیکر پنجاب اسمبلی نے ٹریفک پولیس کو محکمہ ٹرانسپورٹ سے منسلک کرنے کی تجویزدیتے ہوئے کہا کہ محکمہ ٹریفک کو محکمہ ٹرانسپورٹ سے منسلک کیا جائے دنیا میں ٹریفک دونوں محکموں کے تعاون سے ہی بہتر ہوئی ہے،محکمہ ٹرانسپورٹ گاڑیوں کے شہروں میں داخلہ ، کنٹرولڈ ٹریفک سمیت دیگر معاملات کو دیکھے۔ٹرانسپورٹ سروس میں اقلیتی کارڈ کو بھی شامل کریں گے جسے نومبر تک مکمل کر لیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب جب 2029ء میں الیکشن مہم میں جائیں گی تو اس وقت سارے پنجاب کا ٹرانسپورٹ سسٹم مکمل ہو چکا ہوگا۔ڈپٹی سپیکر ظہیر اقبال چنڑ نے بلال اکبر کو بہترین ٹرانسپورٹ سسٹم پر مبارک دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں ٹرانسپورٹ کا اتنا بہترین سسٹم ہے جس کی اپوزیشن بھی تعریف کرتی ہے۔وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ گوجرانوالہ شیخوپورہ سمیت دیگر اضلاع میں مرحلہ وار الیکٹرک بسیں چلائیں گے، الیکٹرک بسیں تحصیل سے تحصیل اور ڈسٹرکٹ سے ڈسٹرکٹ تک چلائیں گے لیکن یہ سسٹم پرائیویٹ ٹرانسپورٹ سسٹم کا متبادل نہیں ہے۔ حکومتی رکن علی حیدر نور نیازی نے ضلع میانوالی میں سونے چوری اور پولیس افسران کی کرپشن میں ملوث ہونے کا انکشاف کرتے ہوئے کہاکہ ضلع میانوالی میں سونے کے ذخائر دریافت ہوئے جسے ایکسیبیٹرز کے ذریعے چوری کیا گیا،آج تک ضلع میانوالی سے چوری ہونے والے سونے میں سے ایک تولہ سونا بھی برآمد نہیں کروایا گیا،وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کے دور میں سونا چوری کا نوٹس لیا گیا اور ایکسیبیٹر کو روک دیا گیا،سونا اور ڈیزل چوری کرنے کے لئے خیبرپختونخواہ کاعلاقہ رحمان آباد میں 8سو سے 9سو ایکسیبیٹر لگائے گئے،ایک ایکسیبیٹر سے تین تولے سونا چوری ہوتا ہے،

عیسی خیل میں من پسند ایس ایچ او کی معاونت سے گندم کی سمگلنگ کی گئی پھر اسی ایس ایچ او کو ایس پی میانوالی لگاکر وصولیاں کی گئیں،اگر ایک جگہ پر 700 ایکسیبیٹر لگائے جائیں تو پورا شہر بنتا ہے، میرا مطالبہ ہے کہ اس کی تحقیقات کی جائیں تاکہ مزید چوری رک سکے۔ڈپٹی سپیکر ظہیر اقبال چنڑ نے سونا چوری کے معاملہ کو محکمہ معدنیات اور متعلقہ کمیٹی کے سپرد کردیا۔ وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمن نے میانوالی میں چوری پر مقدمات کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ میانوالی میں سونا چوری پر کل 64 کیسز پر مقدمات درج کئے گئے،سارے ملزمان کو عدالت میں پیش کیا گیا۔وزیر معدنیات شیر علی گورچانی نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کافی عرصہ سے میانوالی میں سونا چوری ہو رہا تھا،میانوالی سابق وزیر اعظم پاکستان میانوالی کا گھر ہے ،عیسی خیل ان کے گھر سے تھوڑے فاصلہ پر ہے،میانوالی میں سب سے زیادہ چوری پی ٹی آئی دور حکومت میں ہوئی، 63مقدمات مریم نواز دور میں ہوئے ،یہ اپنے دور میں ایک مقدمے کے اندراج کا بتا دیں،کشتی میں ایکسیبیٹر کا استعمال کرکے سونا چوری کرنے کیلئے خیبر پختوانخواہ کا راستہ استعمال کیاجاتا ہے۔اگر مریم نواز دور میں سونا چوری ہونا ثابت ہو جائے تو عہدے سے استعفیٰ دیدوں گا۔اس موقع اپوزیشن رکن ذوالفقارعلی بھٹی نے کورم کی نشاندہی کردی ، ڈپٹی سپیکر ظہیر اقبال چنڑ نے کورم پورا نہ ہونے پر پانچ منٹ تک گھنٹیاں بجانے کی ہدایت کی اور کورم پورا نہ ہونے پر اجلاس پیر مورخہ 26اپریل دوپہر دو بجے تک ملتوی کردیا گیا۔

PNP