تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی تعطیلات کب ہوں گی؟ طلبا کے لئے اہم خبر

اسلام آباد (نیوز ڈ یسک) وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی تعطیلات سے متعلق حتمی فیصلہ 15 مئی کے بعد کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر تعلیم نے سال 2026 کی گرمیوں کی چھٹیوں کے حوالے سے اہم اشارے دیتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں جاری قیاس آرائیوں کو نظر انداز کیا جائے، کیونکہ سرکاری اعلان مناسب وقت پر سامنے آئے گا۔انہوں نے بتایا کہ صوبائی حکومت اس سال تعلیمی نقصان پورا کرنے کے لیے موسم گرما کی تعطیلات میں 15 سے 20 دن تک کمی پر غور کر رہی ہے۔ مقصد یہ ہے کہ تعلیمی سال میں تدریسی دنوں کی تعداد 180 سے بڑھا کر 190 تک کی جا سکے تاکہ نصاب بروقت مکمل ہو۔رانا سکندر حیات نے مزید کہا کہ صرف گرمیوں ہی نہیں بلکہ سردیوں کی چھٹیوں میں بھی 5 سے 6 دن کمی کی تجویز زیر غور ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ تعطیلات کے شیڈول سے متعلق کوئی بھی حتمی اعلان وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی منظوری کے بعد ہی کیا جائے گا۔

وزیر تعلیم کے مطابق غیر ضروری چھٹیاں طلبہ کے تعلیمی وقت کو متاثر کرتی ہیں، اس لیے تعلیمی معیار بہتر بنانے کے لیے فیصلے ضروری ہیں۔دوسری جانب محکمہ موسمیات کی جانب سے پنجاب میں شدید گرمی کی لہر کے الرٹ کے بعد ماہرین نے امکان ظاہر کیا ہے کہ اگر درجہ حرارت زیادہ بڑھا تو طلبہ کی صحت کے پیش نظر قبل از وقت تعطیلات کا اعلان بھی کیا جا سکتا ہے۔

PNP