قائم مقام صدر نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے تین ججوں کے تبادلے کی منظوری دے دی، نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد (پی این پی)قائم مقام صدر مملکت یوسف رضا گیلانی نے وزیراعظم شہباز شریف کی سفارش پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے تین ججوں کی تبادلے کی منظوری دے دی جس کے بعد وزارت قانون و انصاف نے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔

قائم مقام صدر کی جانب سے جاری اعلامئے میں کہا گیا کہ آئین پاکستان کی شق 200کی ذیلی شق ون کے تحت اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججوں کے تبادلے کے لیے وزیراعظم کی سفارش کی سمری کے پیرا 7کی منظوری دی جاتی ہے۔وفاق وزارت قانون و انصاف نے قائم مقام صدر کی منظوری کے بعد تینوں ججوں کے تبادلے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا جس میں کہا گیا ہے کہ صدر مملکت نے جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کی سفارش پر آئین پاکستان کے آرٹیکل 200کی ذیلی شق ون کے تحت جسٹس محسن اختر کیانی کو اسلام آباد ہائی کورٹ سے لاہور ہائی کورٹ، جسٹس بابر ستار کو اسلام آباد ہائی کورٹ سے پشاور ہائی کورٹ اور جسٹس ثمن رفعت کو اسلام آباد ہائی کورٹ سے سندھ ہائی کورٹ تبادلے کی منظوری دے دی ہے۔

PNP