اسلام آباد (پی این پی) حکومت نے عوامی سہولت کے لیے پاسپورٹ اجرا کے نظام میں اہم تبدیلیاں کر دی ہیں، جس کے تحت نارمل پاسپورٹ کی مدت 21 دن سے کم کرکے 14 دن کر دی گئی ہے۔
یہ فیصلہ محسن نقوی اور طلال چوہدری کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کیا گیا، جس میں پاسپورٹ سسٹم کو مزید بہتر بنانے کے لیے متعدد اقدامات کی منظوری دی گئی۔حکام کے مطابق پاسپورٹ دفاتر میں جلد مکمل کیش لیس سسٹم نافذ کیا جائے گا، جس سے ایجنٹ مافیا کا خاتمہ اور شفافیت میں اضافہ ہوگا۔ اس کے علاوہ پاسپورٹ کی گھروں تک ڈیلیوری کے نظام کو بھی مزید مؤثر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اجلاس میں بزنس پاسپورٹ کے اجرا کے نظام کو جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت بھی کی گئی، جبکہ پاسپورٹ اتھارٹی کے قیام کو عوامی سہولت کے لیے اہم قرار دیا گیا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ پہلے نارمل پاسپورٹ 21 دن میں جاری ہوتا تھا، تاہم اب اسے کم کرکے 14 دن میں فراہم کیا جائے گا، جس سے شہریوں کو بڑی سہولت ملے گی۔
PNP