نند نے ڈاکوؤں کے ساتھ مل کر بھابھی کے گھر کا صفایا کر دیا

اسلام آباد (پی این پی) لاہور کے علاقے گرین ٹاؤن میں ایک گھر میں ہونے والی ڈکیتی کے واقعے نے نیا رخ اختیار کر لیا،

جہاں تحقیقات کے دوران حیران کن انکشاف سامنے آیا ہے۔ پولیس کے مطابق واردات کی منصوبہ ساز متاثرہ خاتون کی اپنی نند نکلی۔تفصیلات کے مطابق گرین ٹاؤن میں پیش آنے والی ڈکیتی کی تفتیش پولیس نے تیزی سے مکمل کرتے ہوئے صرف آٹھ گھنٹوں میں کیس ٹریس کر لیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے بتایا کہ ملزمہ انعم شہزادی نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر اپنے بھائی اور بھابھی کے گھر ڈکیتی کروائی۔

پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزمہ انعم شہزادی سمیت تین افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ دیگر گرفتار ملزمان میں اشرف علی اور قاسم علی شامل ہیں۔

حکام کے مطابق واردات کے بعد ملزمہ کا طرزِ عمل مشکوک محسوس ہوا، جس پر مزید پوچھ گچھ کی گئی تو اس نے جرم قبول کر لیا۔

پولیس نے ملزمان کے قبضے سے چھینا گیا سامان اور واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کر لیا ہے، جبکہ مقدمہ درج کرکے مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔

PNP