لاہور( پی این پی)محکمہ مواصلات نے نئے مالی سال میںسرکاری افسران و ملازمین کی رہائش گاہوں اور دفاتر کے قیام کا بڑا ترقیاتی پروگرام تیار کر لیا ہے
جس کی مجموعی لاگت 8 ارب 36 کروڑ روپے سے زائد بتائی گئی ہے۔دستاویز کے مطابق سالانہ ترقیاتی پروگرام میں 22 منصوبے شامل ہوں گے جن میں 8 جاری جبکہ 14 نئے منصوبے شامل ہیں۔ آئندہ مالی سال کیلئے 2 ارب 71 کروڑ روپے سے زائد فنڈز مختص کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔جاری منصوبوں میں لاہور میں سرکاری ملازمین کیلئے فلیٹس اور پنجاب ہائوس مری راولپنڈی شامل ہیں جبکہ لاہور میں اسٹریٹجک پلاننگ یونٹ اور چیف انجینئر آفس کی تعمیر بھی منصوبے کا حصہ ہے۔
نئی سکیموں میں لاہور کے شیر پا برج کے قریب بلڈنگ کمپلیکس اور ملٹی اسٹوری فلیٹس کی تعمیر شامل ہے جبکہ مختلف اضلاع میں سرکاری دفاتر، رہائش گاہوں اور انجینئرنگ دفاتر کے قیام کا بھی منصوبہ بنایا گیا ہے۔حکام کے مطابق پنجاب ہائوسز میں جنریٹرز، لفٹس اور دیگر جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
PNP