اسلام آباد (پی این پی) حکومت کی جانب سے وزیراعظم اپنا گھر پروگرام کے تحت نئی حکمت عملی پر کام جاری ہے، جس میں 5 لاکھ ہاؤسنگ قرضوں کے ہدف کو حاصل کرنے کے لیے مختلف ذرائع اختیار کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس وزیر خزانہ کی صدارت میں منعقد ہوا، جہاں متعدد ترقیاتی منصوبوں اور اضافی فنڈز کی منظوری سے متعلق معاملات زیر بحث آئے۔اجلاس میں ہاؤسنگ پروگرام کے دائرہ کار کو بڑھانے کے لیے ملٹی چینل اپروچ پر غور کیا گیا تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد کو قرضوں کی سہولت فراہم کی جا سکے۔علاوہ ازیں ہائر ایجوکیشن کمیشن کے لیے 10 کروڑ روپے کی ضمنی گرانٹ، فیض احمد فیض کے نام سے منسوب کمپلیکس کے منصوبے (نارووال) اور دانش اسکول کُری اسلام آباد کے لیے 35 کروڑ روپے کی منظوری بھی ایجنڈے کا حصہ رہی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یومِ آزادی اور معرکہ حق کی تقریبات کے لیے تقریباً 5 کروڑ 96 لاکھ روپے کے اضافی فنڈز، جبکہ ثقافتی سرگرمیوں کے اخراجات کے لیے مزید رقوم کی منظوری پر بھی غور کیا گیا۔اجلاس میں الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ کے لیے پالیسی کے دوسرے مرحلے کے آغاز، وزیراعظم آفس کے لیے 47 کروڑ 90 لاکھ روپے کی ضمنی گرانٹ، اور وزارت داخلہ کی مختلف سمریوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔مزید یہ کہ جدید پاسپورٹ سسٹم کے لیے 2 ارب 50 کروڑ روپے کی گرانٹ کی تجویز پیش کی گئی، جبکہ پیٹرولیم ڈویژن نے نیشنل اسٹیل کمپلیکس کی بحالی کے لیے گیس فراہمی سے متعلق بریفنگ دی۔
اجلاس کے دوران توانائی اور صنعت سے متعلق دیگر اہم امور کا بھی جائزہ لیا گیا اور متعلقہ اداروں کو آئندہ اقدامات کے لیے ہدایات جاری کی گئیں۔
PNP