مئی میں موسم کیسا رہے گا؟محکمہ موسمیات کا نیا الرٹ جاری

اسلام آباد (پی این پی) محکمہ موسمیات نے مئی کے مہینے کے لیے نئے موسمی الرٹ میں ملک بھر میں غیر معمولی بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق شمالی علاقوں میں شدید بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور شمالی پنجاب میں زیادہ بارشیں متوقع ہیں۔محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ تیز بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ سکتا ہے، جبکہ خیبرپختونخوا اور شمالی بلوچستان میں اچانک سیلابی صورتحال (فلیش فلڈ) پیدا ہونے کا خدشہ بھی موجود ہے۔اسی طرح بڑے شہروں میں اربن فلڈنگ جبکہ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کے امکانات ظاہر کیے گئے ہیں۔ پیشگوئی کے مطابق بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہ سکتا ہے، تاہم اس کے باوجود گرمی کی شدت مکمل طور پر کم ہونے کا امکان نہیں۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں بعض مقامات پر ہیٹ ویو جیسی صورتحال بھی پیدا ہو سکتی ہے۔

ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ آندھی، طوفان اور ژالہ باری سے فصلوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے، اس لیے کسان احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

PNP