غربت سے تنگ ماں نے 2 بچوں سمیت نہر میں چھلانگ لگا دی

ٹنڈو محمد خان (پی این پی)غربت سے تنگ ایک ماں نے مجبور ہو کر دو بچوں سمیت نہر میں چھلانگ لگا کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق غربت سے تنگ ایک مجبور ماں نے اپنے دو بچوں سمیت نہر میں چھلانگ لگا دی۔ اطلاع ملنے پر لوگوں کی بڑی تعداد کے ساتھ پولیس اور غوطہ خور بھی وہاں پہنچ گئے۔غوطہ خوروں نے تلاش کے بعد تینوں کی لاشیں نہر سے نکال لیں۔ تاہم لاشوں کو اسپتال منتقل کرنے کے لیے ایمبولینس کا انتظام نہ ہو سکا۔ایمبولینس دستیاب نہ ہونے پر خاتون کی لاش کو گھاس والی گاڑی میں اسپتال منتقل کیا گیا۔ جب کہ بچوں کی لاشوں کو مقامی افراد نے رکشے میں ڈال کر اسپتال پہنچایا۔

اس سلسلے میں ریسکیو 1122 انچارج کا کہنا ہے کہ ٹنڈو محمد خان میں ہماری کوئی ایمبولینس سروس نہیں، اس کے لیے حیدرآباد کال کر کے ایمبولینس بلائی جاتی ہے۔اسپتال انتظامیہ کے مطابق مرنے والوں خاتون، ایک بچی اور ایک بچہ شامل ہے۔ دوسری جانب پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

PNP