اسلام آباد (نیوزڈیسک) پاکستان میں اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں ہائر ایجوکیشن کمیشن نے بیک وقت دو ڈگریاں حاصل کرنے اور جوائنٹ ڈگری پروگرام شروع کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
نئے فیصلے کے تحت طلبہ اب ایک ہی وقت میں دو الگ الگ تعلیمی پروگرامز میں داخلہ لے سکیں گے، جس سے انہیں مختلف شعبوں میں مہارت حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔ایچ ای سی کی نئی پالیسی کے مطابق دونوں ڈگری پروگرامز کا ایک ہی شعبے سے تعلق ہونا ضروری نہیں ہوگا، یعنی طلبہ اپنی دلچسپی کے مطابق مختلف مضامین کا انتخاب کر سکیں گے۔اس کے علاوہ جوائنٹ ڈگری پروگرام بھی متعارف کروایا جا رہا ہے، جس کے ذریعے طالب علم اپنی تعلیم کا کچھ حصہ ایک یونیورسٹی اور باقی حصہ دوسری جامعہ میں مکمل کر سکے گا۔
یہ سہولت نہ صرف پاکستان کی جامعات کے درمیان بلکہ غیر ملکی یونیورسٹیوں کے اشتراک سے بھی دستیاب ہوگی۔ایچ ای سی نے واضح کیا ہے کہ ایسے پروگرامز کے لیے متعلقہ جامعات کے درمیان باضابطہ مفاہمتی یادداشت (MoU) ہونا ضروری ہوگا، جسے کمیشن سے منظوری حاصل کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد پاکستانی طلبہ کو جدید عالمی تعلیمی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا اور انہیں ایک سے زائد شعبوں میں مہارت دے کر روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنا ہے۔
PNP