نرگس محمدی کو صحت خرابی کے باعث ضمانت پر اسپتال منتقل کر دیا گیا

ایران میں انسانی حقوق کی سرگرم کارکن اور 2023 کی نوبل امن انعام یافتہ نرگس محمدی کو صحت کی خرابی کے باعث ضمانت پر رہا کر کے تہران کے ایک اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق انہیں اسپتال میں ان کی اپنی میڈیکل ٹیم کی نگرانی میں علاج فراہم کیا جا رہا ہے۔ گزشتہ ہفتے وہ سینے، کمر اور بازوؤں میں شدید درد کی شکایت کے بعد طبی امداد کے لیے منتقل کی گئی تھیں۔

حامیوں کے مطابق نرگس محمدی کو شمالی ایران کے شہر زنجان کی جیل میں قید کے دوران طبیعت بگڑنے پر پہلے اسپتال داخل کیا گیا، جہاں وہ تقریباً 10 روز زیر علاج رہیں۔ بعد ازاں ان کی سزا عارضی طور پر معطل کرتے ہوئے انہیں تہران منتقل کیا گیا۔

نرگس محمدی سے منسلک فاؤنڈیشن نے کہا ہے کہ انہیں خصوصی طبی دیکھ بھال کی ضرورت ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ ان کی صحت کے پیش نظر انہیں دوبارہ جیل نہ بھیجا جائے۔

ان کے شوہر، جو پیرس میں مقیم ہیں، نے ان کی حالت کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی زندگی کو خطرات لاحق ہیں۔

رپورٹس کے مطابق انسانی حقوق کی کارکن کو گزشتہ عرصے میں دل کے ممکنہ دو دورے بھی پڑ چکے ہیں، جبکہ جیل میں ان کی طبی حالت مسلسل خراب ہوتی رہی ہے۔

یاد رہے کہ نرگس محمدی کو 2023 میں خواتین کے حقوق اور انسانی آزادیوں کے لیے جدوجہد کے اعتراف میں نوبل امن انعام دیا گیا تھا۔ وہ اب تک اپنی زندگی کے 10 سال سے زائد عرصے تک قید میں گزار چکی ہیں اور ان پر مجموعی طور پر طویل سزائیں عائد کی گئی ہیں، جن میں سے وہ بعض مقدمات میں سزا کاٹ رہی ہیں جن کی وہ تردید کرتی ہیں۔

PNP