اسلام آباد (پی این پی) برطانیہ نے ایران سے تعلق رکھنے والے 12 افراد اور اداروں کے خلاف نئی پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانوی حکومت کا کہنا ہے کہ یہ افراد اور تنظیمیں مبینہ طور پر ایسی سرگرمیوں میں ملوث تھیں جنہیں ملکی سلامتی کے لیے خطرہ تصور کیا جا رہا ہے۔ ان الزامات میں حملوں کی منصوبہ بندی اور ایسے گروہوں کی مالی معاونت شامل ہے جن پر برطانیہ اور دیگر ممالک میں بدامنی پھیلانے کے الزامات لگائے گئے ہیں۔پیر کے روز جاری کیے گئے سرکاری بیان میں کہا گیا کہ پابندیوں کے تحت متعلقہ افراد اور اداروں کے اثاثے منجمد کیے جائیں گے، جبکہ بعض افراد پر سفری پابندیاں بھی عائد ہوں گی۔ اس کے علاوہ کچھ افراد کو کمپنیوں کے ڈائریکٹر کے طور پر خدمات انجام دینے سے بھی روک دیا جائے گا۔
برطانوی حکام کے مطابق ان اقدامات کا مقصد قومی سلامتی کو محفوظ بنانا اور ایسی سرگرمیوں کی حوصلہ شکنی کرنا ہے جو ملک کی داخلی یا خارجی سلامتی کے لیے خطرہ بن سکتی ہیں۔
PNP