by Rao Imran Suleman
Rao Nama

17ستمبر تک کہاں کہاں بارش ہوگی؟ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کردی

اسلام آباد (پی این پی)محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں 14 سے 17 ستمبر کے دوران مزید بارشوں اور بعض مقامات پر ژالہ باری کی پیشگوئی کردی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ راولپنڈی، مری، گلیات اور پنجاب کے بیشتر اضلاع بھی بارش سے متاثر ہوسکتے ہیں۔

پنجاب کے مختلف شہروں میں 17 ستمبر تک بارش کی توقع ظاہر کی گئی ہے، جن میں لاہور، سیالکوٹ، شیخوپورہ، نارووال اور گجرات شامل ہیں۔ اس کے علاوہ گوجرانوالہ، وزیرآباد، قصور، اوکاڑہ اور ننکانہ صاحب میں بھی بارش کا امکان ہے۔

خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ پشاور، دیر، چترال، سوات، ملاکنڈ اور مردان کے علاوہ دیگر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے، جبکہ سندھ کے کراچی، حیدرآباد، سکھر اور لاڑکانہ سمیت متعدد شہروں میں بھی بارش ہونے کا امکان ہے۔

بلوچستان کے اضلاع ژوب، بارکھان اور موسیٰ خیل میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ دوسری جانب خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر میں بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو بارشوں کے دوران محتاط رہنے اور پہاڑی علاقوں میں سفر کرتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

PNP

Comments are closed.