by Rao Imran Suleman
Rao Nama

سربراہ ملاقات سے پہلے امریکہ اور چین کےدرمیان مصنوعی ذہانت اور تجارت پر اتفاق

 

نیویارک میں تقریبا آٹھ گھنٹے تک بات چیت کے بعد امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے تجارت، مصنوعی ذہانت اور دیگر اسٹریٹجک امور پر چین کے ساتھ پیش رفت کا اعلان کیا ہے ۔

یہ بات چیت واشنگٹن میں ٹرمپ اور صدرشی کے درمیان متوقع سربراہی اجلاس سے قبل ہوئی ہے جس کا مقصد دونوں فریقوں کی جانب سے تجارتی اور تکنیکی اختلافات کم کرنا اور دوطرفہ تعلقات میں نئی کشیدگی سے بچنا ہے۔

سربراہ ملاقات جمعرات کو متوقع ہے۔

بیسنٹ نے چینی نائب وزیراعظم ہی ليفینگ کے ساتھ ملاقات کے بعد نامہ نگاروں کو بتایا کہ چینی حکام کے ساتھ بات چیت بہت کامیاب رہی۔ انہوں نے اس بات کا اشارہ کیا کہ دونوں فریق مصنوعی ذہانت سے جڑے خطرات کے حوالے سے رابطوں کو فروغ دینے پر متفق ہو گئے ہیں۔

اس کے ساتھ ہی بیسنٹ نے کہا کہ واشنگٹن نے دونوں ملکوں کے درمیان حادثات سے متعلق باہمی اطلاع رسانی کا ایک میکانزم قائم کرنے کی تجویز پیش کی ہے جس میں مصنوعی ذہانت سے جڑے سکیورٹی خطرات بھی شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے جس چیز پر بحث کی وہ ایک ایسے میکانزم کا قیام ہے جسے (امریکہ چین مصنوعی ذہانت پر مذاکرات) کا نام دیا جائے گا”۔انہوں نے اس بات کی طرف اشارہ کیا کہ دونوں فریقوں نے “مزید ملاقاتیں کرنے پر اتفاق کیا ہے”۔

امریکی تجارتی نمائندہ جیمیسون گریئر نے بھی ان ملاقاتوں میں شرکت کی اور اپنی طرف سے اس بات پر زور دیا کہ یہ انتہائی ضروری ہے کہ ہم مل کر کام کرنے کے قابل ہوں۔

نیویارک میں جے پی مورگن چیس بینک کے صدر دفتر میں ان ملاقاتوں کی میزبانی کی گئی۔ بیسنٹ نے بات چیت کی سائیڈ لائنز پر چینی نائب وزیراعظم کے ساتھ دو طرفہ ملاقات بھی کی۔

امریکہ اور بیجنگ تجارتی اور تکنیکی امور کے ایک سلسلے کو حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جن میں تجارتی جنگ بندی میں توسیع کا امکان، مصنوعی ذہانت کی ترقی کے لیے ریگولیٹری ضابطے طے کرنا اور امریکی فیکٹریوں کو معدنیات کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنانا شامل ہے۔

چین نے پچھلی بات چیت کے دوران امریکی زرعی اشیاء خریدنے کا وعدہ کیا تھا ۔ امریکی حکام ان وعدوں پر عمل درآمد کا جائزہ لینے اور ان کی جانچ پڑتال کے لیے ان ملاقاتوں سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ بات چیت سے باخبر ایک باخبر ذریعے نے فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ ورکنگ گروپس کے اجلاس پیر تک جاری رہ سکتے ہیں۔

PNP

Comments are closed.