تیسرے آپریشن کیلئے آنے والی خواتین کا مانع حمل کا آپریشن کیا جائےگا: وزیر صحت سندھ
اسلام آباد (پی این پی) وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے کہا ہے کہ زچگی کے دوران آپریشن (سی سیکشن) کے بڑھتے ہوئے رجحان کے باعث خواتین کی شرح اموات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے،
جس پر قابو پانے کے لیے محکمہ صحت مختلف اقدامات کر رہا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی) میں “ماں رہے سلامت” کے عنوان سے فیملی پلاننگ سمٹ کا انعقاد کیا گیا، جہاں ماں اور بچے کی صحت سے متعلق امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے کہا کہ سندھ حکومت نے زچہ و بچہ کی صحت بہتر بنانے کے لیے متعدد قوانین اور اصلاحات متعارف کرائی ہیں، اور اس حوالے سے صوبہ نمایاں پیش رفت کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ غیر ضروری سی سیکشن کے بڑھتے ہوئے رجحان نے خواتین کی صحت پر منفی اثرات مرتب کیے ہیں، تاہم حکومت اس مسئلے کے حل کے لیے جامع حکمت عملی پر عمل کر رہی ہے، جس کے نتائج جلد سامنے آئیں گے۔
وزیر صحت نے مزید بتایا کہ ایسی خواتین جو تیسرے سی سیکشن کے لیے اسپتال آئیں گی، ان کے لیے مانع حمل آپریشن کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی تاکہ بار بار آپریشن کی ضرورت کم ہو اور ماں کی صحت کو درپیش خطرات میں کمی لائی جا سکے۔
PNP
Comments are closed.