by Rao Imran Suleman
Rao Nama

سوات کے علاقے کبل میں دھماکا، 6 پولیس اہلکاروں سمیت 15 افراد شہید، 10 زخمی

سوات کے علاقے کبل میں پولیس اسٹیشن کے قریب خودکش دھماکے میں 6 پولیس اہلکاروں سمیت 15 افراد شہید ہوگئے جبکہ 10 زخمی ہیں۔ 

خیبر پختونخوا پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکا خودکش ہے، بم ڈسپوزل اسکواڈ دھماکے کی نوعیت کا پتہ لگا رہا ہے۔ خودکش حملہ آور کا سر مل گیا ہے، ابتدائی تحقیقات حملہ آور کے افغانی ہونے کی نشاندہی کر رہی ہیں۔

ڈی پی او محمد عمر کے مطابق دھماکے کی جگہ سے ایک انسانی سر بھی ملا ہے۔ انسانی سر مبینہ طور پر خودکش حملہ آور کا ہوسکتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ واقعے میں شہیدا کی تعداد 15 ہوگئی ہے جس میں 6 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ 

پولیس کا کہنا ہے کہ تمام زخمیوں اور شہداء کو سینٹرل اسپتال سوات منتقل کیا گیا، ڈی پی او سوات، پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر موجود ہے۔

ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) مالاکنڈ سید فدا حسین کے مطابق خودکش حملہ آور پولیس اسٹیشن کبل میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا، اہلکاروں کے روکنے پر حملہ آور نے گیٹ کے قریب خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

ڈی آئی جی مالاکنڈ سید فدا حسین کا کہنا تھا کہ دھماکے کے وقت مقامی نوجوانوں کا احتجاج بھی جاری تھا۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس خیبر پختونخوا سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔

وزیراعلیٰ نے دھماکے میں شہید پولیس اہلکاروں اور شہریوں کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کی۔ 

اس دوران انہوں نے کہا کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے، کے پی پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے عظیم قربانیاں دے رہی ہے۔ امن دشمن عناصر کو اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف کی کبل میں خودکش حملے کی مذمت، شہدا کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت

وزیراعظم شہباز شریف نے سوات کے علاقے کبل میں خودکش دھماکے میں اموات پر اظہار افسوس کیا ہے۔ انہوں نے دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں کے اہلِ خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ 

انہوں نے دھماکے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی جبکہ متعلقہ حکام کو زخمیوں کو بہترین طبی سہولت کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ 

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔

شہید پولیس اہلکاروں کی قربانی کو سلام پیش کرتا ہوں: وزیر داخلہ

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھی سوات خودکش حملے کی مذمت کی اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا۔ 

ان کا کہنا تھا کہ بہادر پولیس جوانوں نے جان دے کر خودکش بمبار کو تھانے کے اندر جانے سے روکا۔ جان کی قربانی دے کر دوسروں کی زندگیاں بچانے والے پولیس اہلکاروں نے فرض شناسی کی اعلیٰ مثال قائم کی۔ 

انہوں نے کہا کہ شہید پولیس اہلکاروں کی قربانی کو سلام پیش کرتا ہوں۔ 



PNP

Comments are closed.