by Rao Imran Suleman
Rao Nama

بھارتی کرکٹر ارشدیپ سنگھ سے شہرت کیلئے تعلق کے الزام پر ثمرین کور کا جواب

—فائل فوٹو

بھارتی اداکارہ اور ماڈل ثمرین کور نے کرکٹر ارشدیپ سنگھ کے ساتھ تعلقات پر ہونے والی تنقید اور سوشل میڈیا ٹرولنگ پر خاموشی توڑ دی۔

27 سالہ ثمرین کور نے انسٹاگرام اسٹوریز پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر خواتین کو ہر صورت تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اگر کوئی اپنے تعلقات کو نجی رکھے تو اسے اپنے ساتھی پر فخر نہ کرنے کا طعنہ دیا جاتا ہے، جبکہ محبت کا کھل کر اظہار کرنے پر شہرت حاصل کرنے کی کوشش کا الزام لگایا جاتا ہے۔

اداکارہ نے ان الزامات کو بھی مسترد کیا ہے کہ وہ ارشدیپ سنگھ کی شہرت یا دولت کی وجہ سے ان کے ساتھ تعلقات میں ہیں۔

 ان کا کہنا ہے کہ میں 17 سال کی عمر سے کام کر رہی ہوں، مالی اور پیشہ ورانہ طور پر خود مختار ہوں، 20 سے زائد ممالک کا سفر کر چکی ہوں اور میں نے اپنی الگ شناخت بنانے کے لیے محنت کی ہے۔

ثمرین کور نے خواتین کی جانب سے خواتین پر تنقید کرنے کے رجحان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیر ضروری تبصرے، مفروضے اور منفی رویے تھکا دینے والے ہیں۔

انہوں نے واضح کیا ہے کہ میں اپنے تعلقات میں خوش ہوں اور نفرت انگیز تبصرے کرنے والوں کو بلاک کر دوں گی۔

اداکارہ کا کہنا ہے کہ میں محبت میں ہوں اور اپنی زندگی خوشی سے گزار رہی ہوں، اس لیے مجھے اپنی زندگی جینے دی جائے۔

ثمرین کور کی پوسٹ پر ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے بھارتی فاسٹ بولر ارشدیپ سنگھ نے اپنی گرل فرینڈ کی حمایت کی اور سوشل میڈیا صارفین سے تعلقات میں مداخلت نہ کرنے کی اپیل کی ہے۔

ارشدیپ سنگھ نے انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا ہے کہ مجھے ثمرین پر فخر ہے اور وہ ایک مضبوط خاتون ہیں۔

انہوں نے تنقید کرنے والوں کو مشورہ دیا ہے کہ دوسروں کی زندگی میں مداخلت کرنے کے بجائے اپنی زندگی پر توجہ دیں اور دنیا میں محبت اور مہربانی پھیلائیں۔

ارشدیپ نے ثمرین کی شخصیت کو مخلص، سمجھدار اور محبت سے بھرپور قرار دیتے ہوئے ان تمام لوگوں کا شکریہ بھی ادا کیا ہے جو دونوں کے لیے نیک خواہشات رکھتے ہیں۔

واضح رہے کہ ثمرین کور اور ارشدیپ سنگھ کے درمیان تعلقات کی خبریں 2026ء کے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے دوران سامنے آئی تھیں، جس کے بعد دونوں کے تعلقات سے متعلق قیاس آرائیاں شروع ہوئیں۔



PNP

Comments are closed.