by Rao Imran Suleman
Rao Nama

مسلم لیگ ن نے تاریخی دھاندلی سے ایک اور ’خیراتی مینڈیٹ‘ حاصل کیا، شرجیل میمن

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے کہا کہ کشمیر کے انتخابی نتائج کو ’’فارم 47 پلس‘‘ کے نام سے جانا جائے گا، ن لیگ نے تاریخی دھاندلی سے ایک اور ’خیراتی مینڈیٹ‘ حاصل کیا۔ 

ایک بیان میں سینئر وزیر نے کہا کہ عوام نے 2024 اور 2026 میں ن لیگ کو مسترد کر دیا تھا، جعلی مینڈیٹ ن لیگ کو عوام میں مقبولیت نہیں دلاسکے گا۔ 

شرجیل میمن نے کہا کہ جعلی مینڈیٹ سے حکومت تو بنائی جا سکتی ہے، عوام میں مقبولیت اور حمایت حاصل نہیں کی جا سکتی، نواز شریف کو شکوے سے پہلے دیکھنا چاہیے آزاد کشمیر میں سیاسی حالات کس طرح پیدا ہوئے۔ 

انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوری اصولوں، عوامی مینڈیٹ اور سیاسی رواداری کا احترام کیا ہے، جمہوریت کے نام پر دھاندلی یا عوامی مینڈیٹ پر اثرانداز ہونے کو قبول نہیں کیا جا سکتا۔ 

شرجیل میمن نے کہا کہ سیاسی مخالفت کو دشمنی میں تبدیل نہیں ہونا چاہیے، پیپلز پارٹی کا یہی اصول تمام سیاسی جماعتوں اور حکومتوں کو اپنانا ہوگا، انتخابی عمل پر سنجیدہ سوالات اٹھیں تو انہیں شفاف اور غیر جانب دار طریقے سے حل کیا جانا چاہیے۔ 

انھوں نے کہا کہ مریم نواز کا گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے انتخابات کا موازنہ کرنا درست نہیں، پیپلز پارٹی نے جہاں عوام کا مینڈیٹ تسلیم کیا، وہاں انتخابی عمل پر تحفظات کا اظہار بھی کیا۔



PNP

Comments are closed.