امریکی دارالحکومت میں طوفانی ہواؤں اور بارش نے تباہی مچا دی
واشنگٹن: امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی اور گردونواح میں شدید طوفان نے معمولاتِ زندگی متاثر کردیئے، تیز ہواؤں اور موسلا دھار بارش کے باعث متعدد علاقوں میں درخت گرنے سے سڑکیں بند ہوگئیں جبکہ ہزاروں افراد بجلی سے محروم ہوگئے۔
رپورٹس کے مطابق جمعرات کی شب آنے والے طوفان کے دوران واشنگٹن ڈی سی میں تیز ہواؤں کے ساتھ شدید بارش اور آسمانی بجلی بھی دیکھی گئی۔ کئی مقامات پر درخت اور شاخیں گرنے سے سڑکوں، گھروں اور گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔
امریکی دارالحکومت میں ہواؤں کی رفتار 70 میل فی گھنٹہ تک ریکارڈ کی گئی، جبکہ رونالڈ ریگن واشنگٹن نیشنل ایئرپورٹ پر بھی 64 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کی اطلاعات سامنے آئیں۔
5th اور F Streets NE کے قریب ایک بڑا درخت گر کر ایک گاڑی پر جاگرا، جس سے گاڑی کو نقصان پہنچا اور سڑک و فٹ پاتھ بھی بند ہوگئے۔ ڈی سی کونسل کے رکن چارلس ایلن کے مطابق واقعے میں مقامی رہائشی محفوظ رہے۔
طوفان کے بعد متاثرہ علاقوں میں سڑکوں سے درخت اور ملبہ ہٹانے کا کام شروع کردیا گیا ہے، جبکہ بجلی کی فراہمی بحال کرنے کے لیے متعلقہ ادارے بھی سرگرم ہیں۔
PNP
Comments are closed.