حوثی حملوں سے علاقائی امن و استحکام کو سنگین خطرات لاحق ہیں، عاصم افتخار
عاصم افتخار کا کہنا ہےکہ یمن کے بحران کی سنگینی کے پیش نظر سفارتی کوششوں میں فوری تیزی لانا ہوگی۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس سے سفیر عاصم افتخار احمد نے خطاب میں کہا کہ حوثی حملوں سے علاقائی امن و استحکام کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔
انہوں نےکہا کہ باب المندب کے گرد حوثی حملوں کا پھیلاؤ سنگین کشیدگی کا باعث ہے، یمن کی بگڑتی صورتحال انتہائی خطرناک مرحلے میں داخل ہوچکی ہے، فوری اقدامات ناگزیر ہیں۔
عاصم افتخار نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب پر حوثیوں کے تمام حملوں کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہے، حوثی حملوں کے عالمی معیشت اور توانائی کے تحفظ پر بھی سنگین اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اہم بحری گزرگاہوں کو خطرے میں ڈالنے یا بطور ہتھیار استعمال کرنے کے عالمی تجارت اور توانائی کے تحفظ پر سنگین اثرات ہوں گے۔
عاصم افتخار نے واضح کیا کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کی مکمل حمایت کرتا ہے، پاکستان سعودی عرب کے اپنے دفاع کے جائز حق کی بھی مکمل حمایت کرتا ہے۔
ان کامزید کہنا تھا کہ یمن میں کشیدگی میں کمی، مذاکرات اور سیاسی تصفیے کے لیے مخلصانہ کوششوں کی حمایت جاری رکھیں گے، یمن میں جامع سیاسی تصفیہ پائیدار امن اور علاقائی استحکام کی بنیاد بن سکتا ہے۔
PNP
Comments are closed.