غزہ میں جنگ سے متاثرہ رہائشی عمارت گرنے سے 5 بچوں سمیت 20 افراد جاں بحق
غزہ : غزہ کی پٹی میں جنگ سے متاثرہ ایک کثیرالمنزلہ رہائشی عمارت کے اچانک گرنے سے 5 بچوں سمیت کم از کم 20 افراد جاں بحق جبکہ درجنوں ملبے تلے دب کر لاپتہ ہو گئے ہیں۔
مقامی رہائشیوں کے مطابق عمارت کو پہلے ہی خطرناک اور غیر محفوظ قرار دیا جا چکا تھا، تاہم اس کے باوجود شدید مجبوری کے باعث 10 سے زائد خاندان اس کے اپارٹمنٹس میں مقیم تھے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ غزہ شہر کی اس عمارت کی منزلیں ایک دوسرے پر آ گریں، جس کے بعد ریسکیو ٹیمیں اور مقامی افراد ہاتھوں سے ملبہ ہٹا کر لاشوں اور زندہ بچ جانے والوں کو نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
غزہ کی سول ڈیفنس ریسکیو سروس کے حکام نے بتایا کہ اسرائیل کی طرف سے بھاری آلات کی درآمد پر پابندی کے باعث ابتدائی طور پر انھیں بغیر کسی مشینری کے، ’خالی ہاتھ‘ امدادی کام شروع کرنا پڑا۔ بعد ازاں وہ مقامی سطح پر کچھ بھاری مشینری مستعار لینے میں کامیاب ہوئے جس سے ملبہ ہٹانے کے عمل میں کچھ تیزی آئی۔
دوسری جانب صحت کے حکام اور حماس کے ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ منگل کے روز غزہ کے مختلف علاقوں میں اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں مزید 5 فلسطینی جاں بحق ہو گئے، جن میں 2 بچے اور حماس کا ایک کمانڈر شامل ہے۔
اسرائیلی فوج نے بیان جاری کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے جنوبی غزہ میں حماس کے ایک کمانڈر اور شمالی غزہ میں ایک جنگجو کو نشانہ بنا کر ہلاک کیا، جبکہ دونوں واقعات میں ایک ایک بچے کی ہلاکت کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔
PNP
Comments are closed.