موٹروے سمیت اہم قومی شاہراہیں آج شام سے ٹریفک کیلئے مکمل بند رہیں گی
اسلام آباد (پی این پی) موٹروے پولیس نے مختلف شاہراہوں پر ٹریفک کی بندش سے متعلق اہم اطلاع جاری کرتے ہوئے شہریوں کو آج شام کے بعد سفر کے دوران احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔
موٹروے پولیس کے ترجمان کے مطابق موٹروے ایم ون کو اسلام آباد ٹول پلازہ سے چھچھ انٹرچینج تک دونوں جانب ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کردیا جائے گا۔ اس دوران فتح جنگ، پنڈی گھیپ اور تراپ انٹرچینج بھی بند رہیں گے۔
ترجمان کے مطابق داؤد خیل، کوٹ بیلیاں اور عیسیٰ خیل انٹرچینج بھی ٹریفک کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔ موٹروے پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ آج شام کے بعد ایم ون پر سفر کرنے سے حتی الامکان گریز کریں۔
دوسری جانب موٹروے ایم 14 پر ہکلہ سے کنڈل تک دونوں سمتوں میں ٹریفک کی آمدورفت بند رکھی جائے گی۔ اسی طرح جی ٹی روڈ این 5 کو بھی اٹک خورد کے مقام پر دونوں اطراف سے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کیا جائے گا۔
موٹروے پولیس کے مطابق ایم 2 پر لاہور سے اسلام آباد جانے والی بڑی گاڑیوں کا داخلہ بھی آج سے روک دیا جائے گا۔ بھاری ٹریفک کو مختلف مقامات سے متبادل راستے کے طور پر جی ٹی روڈ کی جانب منتقل کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق ایم 2 اور ایم 3 سے آنے والی بڑی گاڑیوں کو بھی کالا شاہ کاکو کے مقام سے جی ٹی روڈ کی طرف موڑ دیا جائے گا، جبکہ مسافروں کو سفر شروع کرنے سے پہلے متبادل راستوں اور ٹریفک صورتحال کو مدنظر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
PNP
Comments are closed.