by Rao Imran Suleman
Rao Nama

صرف 7 سیکنڈ میں جعلی ویڈیو پکڑنے والا مصنوعی ذہانت ماڈل تیار

دبئی الیکٹرانک سکیورٹی سینٹر نے مصنوعی ذہانت پر مبنی ایک جدید ماڈل متعارف کرایا ہے، جو صرف 7 سیکنڈ کی ویڈیو کا تجزیہ کرکے جعلی یا تبدیل شدہ مواد کی نشاندہی کرسکتا ہے۔

مرکز کے مطابق ’’سَراب‘‘ نامی یہ ماڈل عرب خطے میں کسی حکومتی ادارے کی جانب سے تیار کیا جانے والا پہلا اوپن سورس ڈیپ فیک شناختی مصنوعی ذہانت ماڈل ہے۔ اسے 16 ستمبر 2026 کو دبئی ایکسپو سٹی میں گِسیک گلوبل 2026 کے افتتاحی روز پیش کیا گیا۔

دبئی الیکٹرانک سکیورٹی سینٹر کا کہنا ہے کہ سَراب مکمل طور پر اماراتی ماہرین کی ٹیم نے تیار کیا ہے۔ اس کا مقصد مصنوعی ذہانت کے ذریعے بڑھتے ہوئے سائبر سکیورٹی خطرات کا مقابلہ کرنا اور ڈیجیٹل مواد کی حقیقت جانچنے کے عمل کو مزید مؤثر بنانا ہے۔

مرکز کی جانب سے کیے گئے تجربات میں سَراب نے ڈیپ فیک مواد کی شناخت میں 91 فیصد تک درستگی حاصل کی، جبکہ ایسے ڈیٹا پر بھی اس کی کارکردگی 89 فیصد رہی جو ماڈل کی تربیت کے دوران استعمال نہیں کیا گیا تھا۔

تقابلی جائزوں کے دوران سَراب نے دیگر آزمائے گئے اوپن سورس ڈیپ فیک شناختی ماڈلز کے مقابلے میں بہتر کارکردگی دکھائی۔ مرکز کے مطابق دیگر ماڈلز کو مؤثر تجزیے کے لیے عموماً 15 سیکنڈ یا اس سے زیادہ دورانیے کی ویڈیو درکار ہوتی تھی، جبکہ سَراب صرف 7 سیکنڈ کی ویڈیو سے بھی جعلی مواد کی نشاندہی کرسکتا ہے۔

PNP

Comments are closed.