by Rao Imran Suleman
Rao Nama

کابینہ کی ہر بات میڈیا کے سامنے نہیں لاسکتے،پیپلز پارٹی کو اتحاد سے جانے دیں گے نہ وہ اتحاد سے الگ ہو گی: طارق فضل چودھری

اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک )وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چودھری نے کہا ہے کہ کابینہ کی ہر بات میڈیا کے سامنے نہیں لاسکتے۔پیپلز پارٹی کو اتحاد سے جانے دیں گے نہ وہ اتحاد سے الگ ہو گی۔

’’جیو نیوز ‘‘کے پروگرام ’’نیا پاکستان ‘‘میں گفتگو کے دوران طارق فضل چودھری نے کہا کہ دونوں جماعتوں کے لوگ دو تین دنوں سے ایسی باتیں کررہے ہیں جو غیر ضروری ہیں۔اتحادیوں کے ساتھ مختلف موضوعات پر بات چیت ہوتی رہتی ہے،( ن) لیگ نے نئے صوبوں کے حوالے سے اپنا مؤقف باضابطہ طور پر میڈیا کو نہیں دیا۔معاملات کو بات چیت کے ذریعے حل ہونا چاہیے، معاملات کو بند کمرے میں بیٹھ کر بات چیت کے ذریعے حل ہونا چاہیے۔

اُن کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ کے درمیان لفظی گولہ باری کے حوالے سے بھی صدر اور وزیراعظم کی حالیہ ملاقات میں بات چیت ہوئی، جس کے بعد کافی معاملات معمول پر آئے ہیں۔ یہ بات طے ہے کہ پیپلز پارٹی کو اتحاد سے نہ جانے دیں گے اور نہ وہ اتحاد سے الگ ہو گی، اگر کوئی صوبے بننے کے حق یا مخالفت میں ہے تویہ اس کا حق ہے۔پیپلز پارٹی کو سندھ کی تقسیم سے مسئلہ ہے، پی پی اپنی رائے کا اظہار کرے مگر ہم پر حملہ کرنا اور جوش خطابت میں وہ باتیں کرنا، جس کا صوبوں کے موضوع سے کوئی تعلق نہیں وہ غیرضروری تھا۔

وفاقی وزیر  طارق  فضل چودھری کا یہ بھی کہنا تھا کہ  کابینہ کی ہر بات میڈیا کے سامنے نہیں لاسکتے، (ن )لیگ صوبوں کے حوالے سے اپنا مؤقف میڈیا کے سامنے کب پیش کرے گی فیصلہ ہماری قیادت کرے گی۔بلاول بھٹو کو چاہیے تھا وہ میڈیا پر بات کرنے سے پہلے وزیراعظم سے رابطہ کرتے، حالات تھوڑے خراب ہوئے تو وزیراعظم صدر مملکت کی طرف گئے۔جب اکٹھےچل رہے ہیں تو ایک دوسرے سے ملنے، معاملات خوش اسلوبی سے چلانے میں کوئی ممانعت نہیں، ابھی وہ وقت نہیں آیا کہ (ن )لیگ حتمی طور پر میڈیا کو صوبوں کے حوالے سے آگاہ کرے۔



PNP

Comments are closed.