پاکستانی عازمینِ حج کے لیے قربانی کی رقم مقرر؟ کتنے ہزار روپے ادا کرنا ہوں گے؟
اسلام آباد (نیوزڈیسک) رواں سال حج پر جانے والے ہر پاکستانی عازم کے لیے قربانی کی رقم 720 سعودی ریال مقرر کی گئی ہے،
جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 54 ہزار روپے بنتی ہے۔ذرائع کے مطابق اس سال حج کی سعادت حاصل کرنے والے پاکستانی عازمین قربانی کی مد میں مجموعی طور پر اربوں روپے خرچ کریں گے۔ سرکاری اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ اس مد میں 9 ارب 67 کروڑ روپے سے زائد رقم خرچ ہونے کا امکان ہے۔سعودی ریال میں یہ مجموعی لاگت تقریباً 12 کروڑ 90 لاکھ 31 ہزار ریال بنتی ہے۔ حج کے مجموعی پیکیج، جس کی مالیت تقریباً ساڑھے 11 لاکھ روپے ہے، اس میں قربانی کے اخراجات کا حصہ قریباً 5 فیصد بنتا ہے۔اعداد و شمار کے مطابق رواں برس 1 لاکھ 79 ہزار 210 پاکستانی شہری حج ادا کریں گے۔
ان میں سے ایک لاکھ 19 ہزار سے زیادہ افراد سرکاری اسکیم کے تحت قربانی کریں گے، جس پر 6 ارب 43 کروڑ 73 لاکھ روپے سے زائد خرچ ہوں گے۔نجی حج اسکیم کے ذریعے جانے والے 60 ہزار عازمین قربانی کی مد میں مجموعی طور پر 3 ارب 24 کروڑ روپے، یعنی تقریباً 4 کروڑ 32 لاکھ سعودی ریال ادا کریں گے۔حکام کا کہنا ہے کہ قربانی کی فیس جمع کرانے کے بعد عازمین کو سعودی حکومت کے طے شدہ نظام کے تحت کوپن جاری کیے جائیں گے تاکہ یہ عمل منظم انداز میں مکمل ہو سکے۔
PNP
Comments are closed.