صوابی سمیت خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بارش، تیز ہواؤں اور آسمانی بجلی کے باعث حادثات پیش آئے جبکہ متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی۔
ریسکیو حکام کے مطابق صوابی میں آسمانی بجلی اور تیز ہواؤں کے نتیجے میں پیش آنے والے مختلف حادثات میں 6 افراد زخمی ہوگئے۔ کالوخان میں سولر پینل گرنے سے ایک بچہ شدید زخمی ہوا جبکہ یار حسین اڈہ میں بورڈ گرنے سے دو افراد زخمی ہوئے۔
اسی طرح شیوہ کلی میں دیوار گرنے سے ایک شخص شدید زخمی ہوا جبکہ ترلاندی میں آسمانی بجلی گرنے کے باعث دو افراد زخمی ہوئے۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ تمام زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب پشاور الیکٹرسٹی سپلائی کمپنی (پیسکو) کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بارش اور طوفان کے باعث پیسکو ریجن میں 159 فیڈرز ٹرپ کر گئے جس سے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔
ترجمان کے مطابق پشاور سرکل کے 41، مردان کے 21، خیبر کے 13، صوابی کے 53 جبکہ سوات سرکل کے 31 فیڈرز متاثر ہوئے، عملہ بجلی بحالی کے کام میں مصروف ہے۔
ادھر نیلم ویلی کے ضلعی ہیڈکوارٹر اٹھ مقام سمیت زیریں علاقوں میں موسلادھار بارش ہوئی، جبکہ مظفر آباد اور ایبٹ آباد کے گرد و نواح میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ریکارڈ کی گئی۔
مالاکنڈ الہ ڈھنڈ ڈھیری، بٹ خیلہ، نوشہرہ اور شمالی وزیرستان میں بھی بارش ہوئی، کئی روزسے جاری گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوشگوار ہوگیا۔
PNP
Comments are closed.