by Rao Imran Suleman
Rao Nama

ہم نے ورلڈ کپ کھیلنے کا موقع مس کر دیا: تمیم اقبال

—فائل فوٹو 

بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کی ایڈہاک کمیٹی کے سربراہ تمیم اقبال نے کہا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے معاملے پر بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کی سابقہ انتظامیہ نے درست حکمتِ عملی اختیار نہیں کی، جو کچھ بھی ہوا، ہم نے ورلڈ کپ کھیلنے کا موقع مس کر دیا، مسئلہ بات چیت کے ذریعے حل کیا جا سکتا تھا۔

سابق بنگلا دیشی کرکٹر و کرکٹ بورڈ کے صدر تمیم اقبال نے بھارتی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں کہا ہے کہ جب ورلڈ کپ کا مسئلہ سامنے آیا تو میں نے سب سے پہلے کہا تھا کہ آئی سی سی نے نرمی دکھائی ہے اور حل نکالنے کی گنجائش موجود تھی، اس لیے مذاکرات کے ذریعے راستہ تلاش کرنا چاہیے تھا۔

اُنہوں نے کہا کہ 97-1996ء میں بنگلا دیش نے کینیا کے خلاف آئی سی سی ٹرافی جیت کر ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کیا تھا جس پر ملک بھر میں جشن منایا گیا اور ہر نوجوان کرکٹر بننے کا خواب دیکھنے لگا تھا مگر اب بنگلا دیش نے بغیر ڈائیلاگ کے ورلڈ کپ کھیلنے کا موقع گنوا دیا۔

تمیم اقبال کا کہنا ہے کہ ممکن ہے موجودہ اسکواڈ کے کئی کھلاڑیوں کو دوبارہ ورلڈ کپ کھیلنے کا موقع نہ ملے اس لیے یہ صورتِ حال مجھے بالکل اچھی نہیں لگی۔

اُنہوں نے کہا کہ بھارتی بورڈ کے صدر متھن منہاس کے ساتھ میں نے کافی کرکٹ کھیلی ہے اور دونوں بورڈز کے درمیان کسی قسم کا مسئلہ نہیں ہے، اب سیکیورٹی کا بھی کوئی ایشو نہیں اور بھارتی ٹیم کو کبھی خطرہ نہیں رہا۔

تمیم اقبال نے کہا کہ جب بھی بھارتی ٹیم بنگلا دیش آتی ہے تو اسٹیڈیم بھر جاتے ہیں اور بنگلا دیش بھارت سیریز شاندار ثابت ہوتی ہے۔

پاکستان کی جانب سے اظہارِ یکجہتی کے طور پر ورلڈ کپ کے بائیکاٹ سے متعلق پوچھے گئے سوال پر تمیم اقبال نے تبصرہ کرنے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ میں اس گروپ کا حصہ نہیں تھا، اس لیے اس معاملے پر کچھ نہیں کہہ سکتا۔



PNP

Comments are closed.