by Rao Imran Suleman
Rao Nama

نئےصوبے بننا ناگزیر ہے کراچی ملک کو معاشی بحران کے دلدل سے نکال سکتا ہے: مصطفیٰ کمال

کراچی( پی این پی ) وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کراچی میں الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز کونسل کے ریجنل آفس سندھ کا افتتاح کردیا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ نئے صوبے بنانا غیر آئینی غیر قانونی بات نہیں، کراچی کو جب اختیارات ملیں گے یہ شہر ملک کی ترقی کرائے گا۔ نئےصوبے بننا ناگزیر ہے، کراچی ملک کو معاشی بحران کے دلدل سے نکال سکتا ہے۔

’’جیو نیوز ‘‘ کے مطابق وفاقی وزیر صحت نے اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ  الائیڈ ہیلتھ سروسز سے وابستہ لاکھوں افراد کو اسلام آباد جانا پڑتا تھا تاہم اب سندھ میں قائم ہونے والا یہ دفتر صوبے کا مرکزی دفتر ہوگا جہاں تمام متعلقہ اداروں کو ون ونڈو سہولت فراہم کی جائے گی۔

مصطفیٰ کمال  کا کہنا تھا کہ 18ویں ترمیم کے بعد صوبوں نے 17 سال میں فنڈز نیچے نہیں دیئے، نئے چھوٹے صوبے بننا ناگزیر ہے، پورا پاکستان اس سے ترقی کرے گا، کراچی کو جب اختیارات ملیں گے یہ شہر ملک کی ترقی کرائے گا، یہ شہر پاکستان کو معاشی بحران کے دلدل سے نکال سکتا ہے۔

مصطفیٰ کمال  نے آبادی سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ 2030 میں ہم دنیا کا چوتھا بڑا ملک بن جائیں گے، اتنی بڑی آبادی کو حکومت ملازمتیں فراہم نہیں کرسکتی، دنیا بھر میں حکومتیں لوگوں کو ہنر مند بناتی ہیں تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کے ذریعے معیشت میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔بیرون ملک مقیم پاکستانی سالانہ 32 ارب ڈالرز سے زائد ترسیلات زر بھیجتے ہیں، اگر یہ رقم آنا بند ہوجائے تو ملک کی معیشت تباہ ہوجائے گی۔پاکستان میں 9 لاکھ نرسز کی کمی ہے جبکہ بیرون ملک ہنر مند نرسز کو انتہائی اچھی تنخواہیں ملتی ہیں، ماضی میں لوگوں نے نرسنگ کالجز کو کاروبار بنا رکھا تھا، ہم نے اس دھندے کو روکا اور متعلقہ قانون میں تبدیلی کی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اپنے دور میں جتنا کام کیا ہے وہ گزشتہ 50 سال کے کاموں سے زیادہ ہے تاہم ابھی مزید بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔



PNP

Comments are closed.