by Rao Imran Suleman
Rao Nama

صبا قمر ڈرگ ڈیلر انمول عرف پنکی کے کردار میں نظر آئیں گی؟

حالیہ دنوں سوشل میڈیا پر زیرِ بحث آنے والی ڈرگ ڈیلر انمول عرف پنکی کی زندگی پر ڈرامہ بنانے کی اطلاعات نے نئی بحث چھیڑ دی ہے۔

رپورٹس کے مطابق ایک نجی چینل کے پروڈکشن ہاؤس کی جانب سے انمول پنکی پر مبنی ایک ڈرامہ تیار کیا جا رہا ہے جس میں معروف اداکارہ صبا قمر مرکزی کردار ادا کریں گی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس ڈرامے سے متعلق ایک تصویر بھی سامنے آئی ہے جس میں صبا قمر پروڈیوسرز اسد قریشی اور عبداللہ کادوانی کے ساتھ موجود ہیں۔

دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ اس منصوبے پر جلد کام شروع ہوگا جبکہ صحافی شاہزیب خانزادہ کو ڈرامے کا مصنف قرار دیا جا رہا ہے۔

تاہم اس حوالے سے ابھی تک کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا ہے۔

دوسری جانب سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد نے اس مجوزہ ڈرامے پر تنقید کی ہے۔

ناقدین کا کہنا ہے کہ ایک ایسے معاملے پر ڈرامہ بنانا مناسب نہیں جس کا مقدمہ ابھی زیرِ سماعت ہو۔

بعض صارفین نے سوال اٹھایا کہ ملک کی اہم تاریخی اور ادبی شخصیات جیسے فاطمہ جناح، بانو قدسیہ اور ڈاکٹر عارفہ سیدہ کی زندگیوں پر مزید کام کرنے کے بجائے متنازع شخصیات کو موضوع کیوں بنایا جا رہا ہے۔

جبکہ صبا قمر کے مداح اس منصوبے کے حوالے سے پُرجوش دکھائی دیتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ صبا قمر اپنی جاندار اداکاری کے باعث اس کردار کو مؤثر انداز میں نبھا سکتی ہیں اور یہ ڈرامہ ماضی کے کامیاب منصوبوں کی طرح مقبولیت حاصل کر سکتا ہے۔



PNP

Comments are closed.