by Rao Imran Suleman
Rao Nama

’’برسوں پرانے بوجھ سے نجات مل گئی‘‘، حج کے بعد درفشاں سلیم کا جذباتی پیغام

پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ درفشاں سلیم نے فریضۂ حج کی ادائیگی کے بعد سوشل میڈیا پر ایک جذباتی پیغام اور یادگار تصاویر شیئر کرتے ہوئے اپنے روحانی سفر کے تجربات مداحوں کے ساتھ بانٹ دیے۔

فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر شیئر کی گئی پوسٹ میں درفشاں سلیم نے حج کے سفر کو صبر، شکر اور اللہ پر مکمل بھروسے کی ایک منفرد داستان قرار دیا۔ انہوں نے لکھا کہ یہ سفر ان کی زندگی کے یادگار ترین تجربات میں شامل ہو گیا ہے اور وہ خود کو خوش قسمت سمجھتی ہیں کہ انہیں یہ سعادت اپنے والدین کے ساتھ حاصل ہوئی۔

درفشاں نے بتایا کہ ان کے والدین نے اس روحانی سفر کے دوران غیر معمولی ہمت اور استقامت کا مظاہرہ کیا، جبکہ وہ خود رمی کے پہلے ہی روز طبیعت ناساز ہونے کے باعث بیمار ہوگئی تھیں۔ اس کے باوجود انہوں نے حج کے تمام مراحل مکمل کیے اور اس سفر سے بہت کچھ سیکھا۔

اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں ان خواتین کا بھی ذکر کیا جن سے دورانِ حج ملاقات ہوئی۔ ان کے مطابق مختلف ممالک اور پس منظر سے تعلق رکھنے والی ان خواتین کے ساتھ مل کر دعائیں مانگنے، عبادات کرنے، خوشی اور جذبات کے لمحات بانٹنے کا تجربہ بے حد خوبصورت رہا۔ انہوں نے لکھا کہ اس سفر کے دوران انہیں دین کو صرف الفاظ میں نہیں بلکہ عملی زندگی میں دیکھنے اور سمجھنے کا موقع ملا۔

 

 

 

 

View this post on Instagram

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

درفشاں سلیم کا کہنا تھا کہ ابھی وہ اس روحانی تجربے کو مکمل طور پر الفاظ میں بیان نہیں کر سکتیں، تاہم ایک بات ضرور جانتی ہیں کہ وہ اپنے ساتھ کیا لے کر جا رہی ہیں اس سے زیادہ اہم یہ ہے کہ وہ اپنے پیچھے کیا چھوڑ آئی ہیں۔ ان کے مطابق وہ کئی برسوں سے اپنے دل پر مختلف احساسات اور بوجھ اٹھائے ہوئے تھیں، جن سے اس سفر نے انہیں نجات دلائی۔

انہوں نے مزید لکھا کہ حج نے انہیں دنیاوی وابستگیوں سے لاتعلقی اور خود کو مکمل طور پر اللہ تعالیٰ کے سپرد کرنے کا درس دیا ہے۔ یہی سبق وہ آئندہ زندگی میں ہمیشہ یاد رکھنے کی کوشش کریں گی۔

اداکارہ نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ جسم تھکن اور درد محسوس کر رہا ہے، لیکن دل پہلے سے کہیں زیادہ مطمئن، پُرسکون اور روحانی طور پر آسودہ ہے۔

اپنی پوسٹ کے اختتام پر درفشاں سلیم نے تمام مسلمانوں کے لیے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہر صاحبِ استطاعت فرد کو حج کی سعادت نصیب فرمائے اور یہ مقدس سفر انسان کی ظاہری زندگی کے ساتھ ساتھ اس کے باطن میں بھی مثبت تبدیلی لے کر آئے۔

درفشاں سلیم کی پوسٹ سامنے آنے کے بعد شوبز شخصیات، دوستوں اور مداحوں کی بڑی تعداد نے انہیں حج کی سعادت حاصل کرنے پر مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

PNP

Comments are closed.