by Rao Imran Suleman
Rao Nama

پاکستانی معیشت کا حجم 452 ارب ڈالر تک پہنچنا اہم پیشرفت ہے، شمائلہ رانا

تصویر، فیس بک، شمائلہ رانا

قومی اسمبلی میں وفاقی بجٹ 27-2026 پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی رکن قومی اسمبلی شمائلہ رانا نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کا حجم 452 ارب ڈالر تک پہنچ چکا ہے، جو معاشی استحکام کی جانب ایک اہم پیشرفت ہے۔

قومی اسمبلی میں بجٹ بحث میں حصہ لیتے ہوئے شمائلہ رانا کا کہنا تھا کہ حکومت نے بجٹ میں مختلف شعبوں کو ریلیف فراہم کیا ہے اور ٹیکسوں میں بھی عوام دوست اقدامات کیے گئے ہیں۔

شمائلہ رانا نے کہا کہ سولر پینلز پر عائد ٹیکس کا خاتمہ کوئی آسان فیصلہ نہیں تھا، تاہم حکومت نے عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ اقدام کیا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام دوست پالیسیوں پر عمل پیرا ہے اور عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

ن لیگی ایم این اے نے اپوزیشن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر تنقید برائے اصلاح کی جاتی تو اسے مثبت انداز میں لیا جا سکتا تھا، تاہم محض سیاسی مخالفت کی بنیاد پر تنقید مناسب نہیں۔

شمائلہ رانا نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی حکومت کو غیر جمہوری طریقے سے ختم کیا گیا تھا، لیکن مسلم لیگ (ن) نے تمام مشکلات کے باوجود جمہوری جدوجہد جاری رکھی۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی خاموشی کو کمزوری نہ سمجھا جائے اور عوام اب سیاسی نعروں اور غیر حقیقی دعوؤں سے متاثر نہیں ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ بعض سیاسی قوتوں نے قوم کے نوجوانوں کو گمراہ کیا اور ملک کو سیاسی عدم استحکام کی طرف دھکیلا۔



PNP

Comments are closed.