کراچی(پی این پی)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ کراچی کے مئیر مرتضیٰ وہاب جعلی اور قبضہ مئیر ہیں، پیپلزپارٹی کا پورا نظام ایک فراڈ نظام ہے۔
’’ایکسپریس نیوز‘‘ کے مطابق کراچی کے علاقے ناظم آباد میں سرکاری سکول کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ہم نے کہا تھا ہم اختیار کیلئے لڑیں گے اور فائل پھینک کر نہیں جائیں گے، ہمارے دوست ہمارے کاموں سے ہریشان ہیں اور روزانہ پوچھ رہے ہیں کہ کام کیسے کررہے ہو؟۔ یہاں سرکاری سکول کا کانسیپٹ ہی تبدیل کردیا گیا ہے، لوگ مجبور ہو کر نجی سکولوں کی جانب جاتے ہیں، نجی سکولوں میں بھی درجہ بندی ہے، چند فیصد لوگوں کو سہولت حاصل ہے کہ مہنگی فیس دے کر اچھی تعلیم لیں جبکہ مڈل کلاس طبقہ پس گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے سکولز کو بہتر کرنے کا وعدہ کیا تھا، پوری آبادی میں یہ سکول اب پرائیویٹ سکولز کو شکست دے گا، مقابلہ معیاری تعلیم اور سہولتوں کا ہونا چاہئے، ڈاکٹر عبدالقدیر خان جیسے لوگ ان سرکاری اسکولوں سے نکلے مگر حکمرانوں نے ان سرکاری سکولز کو کھنڈر بنا دیا۔ شہریوں کو اچھی تعلیم دینا حکومت کا کام ہوتا ہے، حکومت 130 روپے تک پیٹرول میں فی لیٹر ٹیکس لے رہی ہے، ٹیکس لیا جاتا ہے لیکن ہمیں سہولیات نہیں دی جاتیں، ریاست اگر ذمہ داری پوری نہیں کررہی تو قوم کے ساتھ جرم کررہی ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ نعمت اللہ خان کے دور میں پہلے سرکاری اسکول بلدیہ کے ماتحت ہوتے تھے، پھر آہستہ آہستہ یہ سکولز برباد ہوتے چلے گئے، چالیس سال سے دو جماعتیں یہاں اقتدار میں رہیں اور یہاں بچے درخت کے نیچے پڑھنے لگے تھے، جب ہم نے احتجاج کیا تو سکولز پھر ٹاؤنز کو واپس ملے، ہمارے پاس ٹاونز کا نظام آیا تو جماعت اسلامی نے کھنڈر بنی سڑکوں کو صاف ستھرا کیا۔
PNP
Comments are closed.