by Rao Imran Suleman
Rao Nama

امریکا اور ایران کے درمیان تکنیکی مذاکرات آج سوئٹزرلینڈ میں متوقع

سوئٹزرلینڈ کے شہر برجن اسٹاک میں امریکا اور ایران کے درمیان مفاہمتی یادداشت کے بعد متوقع تکنیکی مذاکرات آج شروع ہونے کا امکان ہے۔ سوئس حکام کے مطابق فریقین معاہدے پر عمل درآمد کے مختلف پہلوؤں اور آئندہ کے لائحۂ عمل پر تبادلہ خیال کریں گے۔

اطلاعات کے مطابق مذاکراتی عمل میں پاکستان اور قطر کے نمائندے بھی شریک ہوں گے، جو دونوں ممالک کے درمیان رابطے اور ثالثی کے کردار میں شامل رہے ہیں۔

ادھر امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کا متوقع دورۂ سوئٹزرلینڈ فی الحال ملتوی کر دیا گیا ہے۔ وائٹ ہاؤس کے ترجمان نے بتایا کہ مذاکرات کے انتظامی اور تکنیکی معاملات ابھی مکمل طور پر طے نہیں ہو سکے، جس کی وجہ سے دورے کے شیڈول میں تبدیلی کی گئی ہے۔

ترجمان کے مطابق امریکی وفد مذاکرات کے آغاز کے لیے تیار ہے اور جیسے ہی انتظامات حتمی شکل اختیار کریں گے، اگلے اقدامات کا اعلان کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ ایسے مذاکرات کی منصوبہ بندی عموماً پیچیدہ ہوتی ہے، اس لیے شیڈول میں ردوبدل غیر معمولی بات نہیں۔

یاد رہے کہ حال ہی میں امریکا اور ایران کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت طے پائی تھی، جس کے تحت ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق امور پر تقریباً 60 روز تک جاری رہنے والے تکنیکی مذاکرات کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔

امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے بھی حالیہ گفتگو میں اس امید کا اظہار کیا تھا کہ مذاکرات کا آغاز رواں ہفتے کے اختتام تک ہو جائے گا، تاہم حتمی تاریخ کا انحصار دونوں ممالک کے نمائندوں کی دستیابی اور باہمی انتظامات پر ہے۔

سوئس حکومت نے اجلاس کے حوالے سے مزید تفصیلات جاری نہیں کیں، جبکہ حالیہ سرکاری اعلامیے میں دیگر ممکنہ شریک ممالک کے حوالے سے کوئی نئی معلومات شامل نہیں کی گئیں۔

PNP

Comments are closed.