کراچی (پی این پی) شہر قائد کے علاقے اسٹیل ٹاؤن گلشن حدید فیز ٹو میں ملزم نے گھر میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کر کے ماں اور بیٹی کو قتل جبکہ بیٹے کوزخمی کردیا۔
نجی ٹی وی چینل ’’ایکسپریس نیوز ‘‘ کے مطابق اسٹیل ٹاؤن گلشن حدید فیز 2 میں ملزمان نے گھر کے اندر موجود ماں بیٹی کو فائرنگ کر کے قتل کیا جبکہ گولی لگنے سے کم عمر بچہ زخمی ہوگیا۔
واقعے کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہوگئے جبکہ اطلاع ملتے ہی اسٹیل ٹاؤن پولیس نے موقع پر پہنچ کر کرائم سین یونٹ کو طلب کر کے شواہد حاصل کیے۔
ماں اور بیٹی کی لاشوں کو ابتدائی طور پر قریب ہی قائم نجی اسپتال لیجایا گیا جنھیں بعدازاں جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔ ایس ایچ او اسٹیل ٹاؤن محمد خان نے بتایا کہ فائرنگ سے قتل خاتون کی شناخت 45 سالہ سمیہ زوجہ محمد دین جبکہ بیٹی کو 16 سالہ بختاور کے نام سے شناخت کیا گیا جبکہ فائرنگ سے بیٹا 12 سالہ زید بھی زخمی ہوا ہے۔
انھوں نے مزید بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق موٹر سائیکل پر آنے والے ملزم نے گھر میں گھس کر فائرنگ کی تھی جبکہ ماں اور بیٹی کو چہرے پر گولیاں لگی تھیں جو جان لیوا ثابت ہوئیں تاہم کرائم سین یونٹ نے جائے وقوعہ سے شواہد حاصل کیے ہیں۔
پولیس کو جائے وقوعہ سے 30 بور پستول کے 4 خول ملے ہیں جبکہ مقتولین کا آبائی تعلق کشمور سے بتایا جاتا ہے تاہم ابتدائی تحقیقات میں واقعہ ذاتی رنجش کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے۔
پولیس مقتولہ کے اہلخانہ اور زخمی بیٹے سے مزید معلومات حاصل کر رہی ہے، موٹر سائیکل سوار ملزم کی گھر میں گھس کر فائرنگ کے بعد فرار ہونے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آگئی جس میں ملزم کو فائرنگ کے بعد گھر سے نکل موٹر سائیکل انتہائی تیز رفتاری سے چلا کر جاتے ہوئے دیکھا گیا جبکہ فائرنگ کے بعد گھر سے چیخ و پکار کے آوازیں بھی سنائی دیں۔
فوٹیج میں فائرنگ کی آواز سن کر اہل محلہ بھی گھروں کے باہر موجود دکھائی دیا اور ملزم کو گھر سے نکل کر موٹر سائیکل پر جاتے ہوئے دیکھتے رہے۔
PNP
Comments are closed.