by Rao Imran Suleman
Rao Nama

ہندوکش، قراقرم اور ہمالیہ کیلئے مون سون آؤٹ لک جاری، سیلابی صورتحال کا خدشہ

اسلام آباد (پی این پی )محکمہ موسمیات نے ہندوکش، قراقرم اور ہمالیہ کے پہاڑی سلسلوں کے لیے مون سون سیزن کا تازہ آؤٹ لک جاری کر دیا ہے،

جس میں شمالی علاقوں میں معمول کے مطابق بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور بالائی خیبرپختونخوا میں مون سون کے دوران معمول کے مطابق بارشیں متوقع ہیں، تاہم ان علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ درجہ حرارت میں اضافے کے باعث برفانی تودوں اور گلیشیئرز کے پگھلنے کی رفتار تیز ہو سکتی ہے، جس سے دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ اور بعض علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ادارے نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کے دوران پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ، ملبے کے ریلے اور حساس مقامات پر گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے (GLOF) جیسے خطرات بھی بڑھ سکتے ہیں۔

ممکنہ موسمی خطرات کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے دریاؤں، ندی نالوں اور پہاڑی وادیوں کے قریب رہنے والے شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کرتے ہوئے متعلقہ اداروں پر زور دیا ہے کہ وہ موسم اور ممکنہ سیلابی صورتحال پر مسلسل نظر رکھیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورت حال سے بروقت نمٹا جا سکے۔

PNP

Comments are closed.