Who is Aniqa Jamal the first Pakistani to participate in a world beauty pageant


پاکستان عالمی مقابلۂ حسن مس ورلڈ میں پہلی بار باضابطہ طور پر شریک ہونے جارہا ہے، جس میں پاکستان کی نمائندگی مس پاکستان انیقہ جمال اقبال کررہی ہیں۔
24 سالہ انیقہ جمال اقبال اکاؤنٹنگ اینڈ آڈٹنگ میں ماسٹرز کی طالبہ ہیں اور اس سے قبل بھی مختلف بین الاقوامی مقابلۂ حسن میں پاکستان کا پرچم بلند کرچکی ہیں۔

انیقہ جمال نے اس سے قبل مس ارتھ، مس گلوبل، مس کاسمو، مس ایکو انٹرنیشنل اور مس اورا انٹرنیشنل سمیت کئی عالمی مقابلوں میں شرکت کی ہے۔ جبکہ کوسوو میں منعقد ہونے والے فریڈم آف دی ورلڈ مقابلے میں چار اعزازات اپنے نام کرکے بھی توجہ حاصل کرچکی ہیں۔

انیقہ صرف مقابلۂ حسن ہی نہیں بلکہ سماجی خدمات کے میدان میں بھی متحرک کردار ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے مس ورلڈ کے معروف پروگرام ’بیوٹی ود اے پرپز‘ کے تحت پاکستان میں تھیلیسیمیا کے مریضوں کی مدد کو اپنی سماجی مہم کا مرکزی موضوع بنایا ہے۔

انیقہ جمال اقبال کی تاج پوشی لاہور میں ایک مقامی ہوٹل میں منعقدہ تقریب کے دوران ہوئی، جہاں مس پاکستان یونیورسل 2022 ڈاکٹر شفق اختر نے انہیں تاج پہنایا۔

یہ پیش رفت پاکستان کے لیے عالمی بیوٹی پیجینٹس کی تاریخ میں ایک نئے باب کے طور پر دیکھی جا رہی ہے۔ مس پاکستان ورلڈ آرگنائزیشن کی سربراہ سونیا احمد کا کہنا ہے کہ مس ورلڈ میں پاکستان کی پہلی باضابطہ شرکت نہ صرف عالمی سطح پر ملک کی نمائندگی کا اہم سنگِ میل ہے بلکہ اس سے یہ بھی ثابت ہوتا ہے کہ پاکستانی خواتین مختلف شعبوں کی طرح بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستانی خواتین اس سے قبل بھی مختلف عالمی مقابلۂ حسن میں شرکت کرچکی ہیں، تاہم مس ورلڈ میں یہ پہلی باضابطہ نمائندگی ہوگی۔

PNP
Comments are closed.