ایران کا امریکا اور اسرائیل کو دوٹوک انتباہ،حملے کا بھرپور جواب دینے کا اعلان
تہران: ایران نے امریکا اور اسرائیل کو اہم تنصیبات پر کسی بھی ممکنہ حملے کے خلاف سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کسی قسم کی جارحیت کی گئی تو اس کا فوری اور مؤثر جواب دیا جائے گا۔
ایرانی مسلح افواج کی خاتم الانبیا بریگیڈ کے سینئر کمانڈر میجر جنرل علی عبداللہی کا کہنا ہے کہ اب وہ دور گزر چکا جب حملہ آور کارروائی کے بعد محفوظ رہتے تھے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ غلط اندازوں پر مبنی کسی بھی فوجی اقدام کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔
میجر جنرل علی عبداللہی نے کہا کہ ایران اپنی دفاعی صلاحیت، تیاری اور حکمت عملی کے حوالے سے مکمل طور پر تیار ہے، جبکہ مخالفین بھی ایرانی ردعمل کی طاقت سے بخوبی آگاہ ہیں۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی میڈیا میں یہ دعویٰ کیا گیا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف ممکنہ نئی فوجی کارروائی کی منظوری دے دی ہے۔ رپورٹس کے مطابق امریکا اور اسرائیل ایران کی توانائی سے متعلق اہم تنصیبات کو نشانہ بنانے کے مختلف آپشنز پر غور کر رہے ہیں، تاہم ان اطلاعات کی باضابطہ تصدیق نہیں ہوئی۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کابینہ کے اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایران پر معاہدوں سے پیچھے ہٹنے اور غلط بیانی کا الزام عائد کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ کسی نئے معاہدے کے امکانات پر ان کا اعتماد پہلے کے مقابلے میں کم ہوتا جا رہا ہے۔
علاقائی کشیدگی کے تناظر میں دونوں ممالک کے حالیہ بیانات نے مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر عالمی توجہ مزید بڑھا دی ہے۔
PNP
Comments are closed.