by Rao Imran Suleman
Rao Nama

ہنگری میں توانائی بحران کا خدشہ،بڑا جوہری پلانٹ بند کر دیا گیا

بڈاپسٹ: ہنگری نے دریائے ڈینیوب میں پانی کی سطح ریکارڈ حد تک کم ہونے کے باعث ملک کے سب سے بڑے پاکس نیوکلیئر پاور پلانٹ کو عارضی طور پر بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

ہنگری کے وزیراعظم پیٹر میگیار کے مطابق دریائے ڈینیوب میں پانی کی غیر معمولی کمی کے باعث بجلی گھر کے کولنگ سسٹم کے لیے مطلوبہ پانی دستیاب نہیں رہا، جس کے بعد حفاظتی اقدامات کے تحت پلانٹ کی سرگرمیاں روک دی گئی ہیں۔

پاکس نیوکلیئر پاور پلانٹ ہنگری کے توانائی نظام میں اہم کردار ادا کرتا ہے اور ملک کی مجموعی بجلی پیداوار کا تقریباً نصف حصہ فراہم کرتا ہے۔ حکام کے مطابق پلانٹ کی بندش توانائی کے شعبے کے لیے ایک اہم صورتحال ہے۔

رپورٹس کے مطابق بارشوں میں کمی اور شدید گرمی کے باعث دریائے ڈینیوب کی سطح مسلسل کم ہو رہی ہے، جس سے بجلی کی پیداوار کے علاوہ دریائی نقل و حمل اور سیاحت کی سرگرمیاں بھی متاثر ہو رہی ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یورپ میں بڑھتی ہوئی گرمی اور خشک سالی کے اثرات توانائی کے شعبے پر بھی نمایاں ہو رہے ہیں، خاص طور پر وہ بجلی گھر جو دریا کے پانی کو کولنگ کے لیے استعمال کرتے ہیں، انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

حکام صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں اور پانی کی سطح بہتر ہونے کی صورت میں پاور پلانٹ کی دوبارہ بحالی پر غور کیا جائے گا۔

PNP

Comments are closed.