by Rao Imran Suleman
Rao Nama

غزہ میں طویل ریسکیو آپریشن،ایک ہی خاندان کی 112 لاشیں ملبے سے برآمد

غزہ: جنوبی غزہ کے علاقے صبرہ میں جاری امدادی کارروائی کے دوران ایک ہی خاندان سے تعلق رکھنے والے 112 افراد کی لاشیں اور انسانی باقیات ملبے سے برآمد کر لی گئیں۔

غزہ کی شہری دفاعی ایجنسی کے مطابق امدادی ٹیموں نے تقریباً دو ہفتے قبل الحساینہ خاندان کے رہائشی بلاک میں سرچ آپریشن شروع کیا تھا، جو ایک حملے کے نتیجے میں مکمل طور پر تباہ ہو گیا تھا۔

حکام کا کہنا ہے کہ ریسکیو اہلکاروں نے 136 گھنٹے مسلسل کام کرتے ہوئے ملبے سے 112 لاشیں اور انسانی باقیات نکالیں، جن میں 40 بچے، 38 خواتین اور 7 معذور افراد بھی شامل ہیں۔

ریسکیو آپریشن کی نگرانی کرنے والے حکام کے مطابق خدشہ ہے کہ مزید 157 افراد کی لاشیں اب بھی ملبے تلے دبی ہوئی ہیں، تاہم بھاری مشینری اور جدید ریسکیو آلات کی کمی کے باعث انہیں نکالنے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

شہری دفاع کے مطابق کئی مقامات پر امدادی کارکنوں نے محدود وسائل کے باعث اپنے ہاتھوں سے ملبہ ہٹا کر متاثرین تک رسائی حاصل کی، جبکہ بعض لاشیں شدید تباہی کے باعث شناخت کے قابل بھی نہیں رہیں۔

امدادی حکام نے عالمی برادری اور انسانی امدادی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ غزہ میں بھاری مشینری، ریسکیو سامان اور انسانی امداد کی فوری فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ ملبے تلے دبے دیگر افراد کی تلاش کا عمل تیز کیا جا سکے۔

اسرائیلی حکام نے ان دعوؤں پر تاحال کوئی باضابطہ ردعمل جاری نہیں کیا، جبکہ پیش کیے گئے اعداد و شمار کی آزاد ذرائع سے بھی تصدیق نہیں ہو سکی۔

PNP

Comments are closed.